بورس شادی سے پہلے بچے کے باپ بننے والے پہلے برطانوی وزیراعظم

بورس جانسن وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم ہیں جنہوں نے بغیر شادی کیے ایک خاتون کو بطور اہلیہ اپنے ساتھ سرکاری رہائش گاہ میں رکھا اور اب وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں گے جن کی شادی سے پہلے گرل فرینڈ سے بچہ پیدا ہونے جا رہا ہے۔
بورس جانسن انتہائی کم وقت میں سیاسی کیرئیر سے لیکر ذاتی زندگی تک کئی ریکارڈ بنانے والے پہلے برطانوی وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں، جہاں وہ پہلی بار جولائی 2019 میں وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے، وہیں وہ 6 ماہ بعد دوبارہ انتخابات ہونے پر دسمبر 2019 میں دوسری بار وزیر اعظم بنے۔ اس کے علاوہ ذاتی زندگی کے معاشقوں کے حوالے سے بھی وہ مزید کئی ریکارڈز بنائیں گے۔
بورس جانسن کے ہاں آنیوالے دنوں میں شادی سے قبل ہی بچے کی پیدائش متوقع ہے اور اس طرح وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم بن جائیں گے جن کے ہاں شادی سے قبل ہی بچے کی پیدائش ہوئی۔ وزیر اعظم کی 32 سالہ گرل فرینڈ کیری سائمنڈ امید سے ہیں اور جوڑے کے ہاں رواں برس موسم گرما کے اختتام سے قبل بچے کی پیدائش متوقع ہے۔تاہم دلچسپ بات یہ کہ بورس جانسن اور ان کی خود سے 23 سال کم عمر گرل فرینڈ نے تاحال شادی نہیں کی ہے۔ وہ رواں برس موسم بہار کے اختتام سے قبل منگنی کریں گے لیکن یہ طے نہیں ہے کہ وہ شادی بھی کریں گے یا نہیں۔
یاد رہے کہ جب گزشتہ برس جولائی میں بورس جانسن پہلی بار وزیر اعظم منتخب ہوئے تو کیری سائمنڈ کو ان کی پہلی تقریر کی تقریب میں دیکھا گیا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ کیری سائمنڈ کو سرکاری رہائش گاہ میں ساتھ رکھیں گے۔ تاہم بعد ازاں کیری سائمنڈ کو 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ یعنی وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ میں وزیر اعظم کی پارٹنر کے طور پر رہائش دی گئی تھی اور یوں بورس جانسن پہلے وزیر اعظم بنے تھے جنہوں نے شادی کیے بغیر ایک عورت کو اہلیہ کی طرح اپنے ساتھ سرکاری رہائش گاہ میں رکھا ۔اور اب وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم بن جائیں گے جنہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے شادی کیے بغیر گرل فرینڈ سے بچہ ہوگا۔ وہ 2010 کے بعد وہ پہلے وزیر اعظم بھی بنیں گے جو عہدے پر براجمان ہوتے ہوئے والد بنیں گے۔ان سے قبل برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے ہاں 2010 میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ اسی طرح اگر بورس جانسن نے گرل فرینڈ کیری سائمنڈ سے شادی کی تو وہ 250 سال میں پہلے برطانوی وزیر اعظم بن جائیں گے جو وزارت عظمیٰ کے دوران شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
اس سے بھی زیادہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ بورس جانسن وہ پہلے وزیر اعظم بھی ہیں جن کے شادی کے بغیر 2 خواتین سے بچے بھی ہیں اور مجموعی طور پر تقریبا ان کے پانچ بچے ہیں۔ انہوں نے 2 شادیاں کی تھیں اور انہیں دوسری بیوی سے 4 بچے ہیں لیکن برطانوی میڈیا کے مطابق انہیں ایک اور خاتون سے بھی پانچواں بچہ ہے، تاہم خود بورس جانسن نے کبھی بھی اپنے بچوں کی تعداد اور ان کی ماؤں کے حوالے سے بات نہیں کی۔
بورس جانسن کی نجی زندگی متنازع اور افیئرز سے بھری رہی ہے، انہوں نے پہلی شادی اٹالین نژاد برطانوی خاتون الجرا موسٹن سے 1987 میں کی، تاہم دونوں کی شادی محض 6 سال کے اندر 1993 میں طلاق پر ختم ہوئی۔
پہلی شادی ناکام ہونے کے چند ہی ہفتے بعد انہوں نے ہندوپاک نژاد برطانوی نسل کی خاتون مرینا ویلر سے 1993 میں شادی کی اور جوڑے کے ہاں شادی کے ابتدائی 6 ماہ میں ہی پہلے بچے کی پیدائش ہوئی۔ یعنی مرینا ویلر سے بھی بورس جانسن کے شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہوگئے تھے۔ مرینا ویلر کے والد انگریز اور ان کی والدہ سکھ ہیں، جو تقسیم ہند سے قبل صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں پیدا ہوئیں اور شادی کے بعد برطانیہ منتقل ہوگئیں۔مرینا ویلر اور بورس جانسن کی شادی 25 سال تک قائم رہی اور دونوں کے ہاں 4 بچے پیدا ہوئے، تاہم 2018 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور ان دونوں کی طلاق کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے جہاں عدالت نے دونوں کے درمیان مالی معاملات کا کیس نمٹاتے ہوئے مرینا ویلر کو طلاق کے لیے دوسری درخواست دائر کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔ دونوں کے درمیان کسی وقت بھی طلاق ہو سکتی ہے اور اگر ان کی طلاق ہوگئی تو بورس جانسن 1769 کے بعد وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم بن جائیں گے جو وزارت عظمیٰ پر رہتے ہوئے اہلیہ کو طلاق دیں گے۔
