بچوں پر پوری توجہ دینے والی شوبز دنیا کی مثالی مائیں

ماں کی گود کو بچے کی پہلی درس گاہ مانا جاتا ہے اسی لئے بچے کی اچھی تربیت کا سہرا ہمیشہ ماں کے سر باندھا جاتا ہے جب کہ اکثر خیال کیا جاتا ہے کہ شوبز سے وابستہ مائیں اپنے بچوں کی تربیت کرنے کی بجائے اپنی زیادہ توجہ شوبز کی چکا چوند دنیا پر مرکوز رکھتی ہیں اور بچوں کو ماسیوں کے رحم و کرم پر چھوڑے رکھتی ہیں. لیکن سچ تو یہ ہے کہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ ایسی بہت ساری مائیں ہیں جنہوں نے دن رات ایک کر کے نہ صرف اپنا نام بنایا بلکہ بھرپور توجہ دے کر اپنے بچوں کی اچھی تربیت بھی کی۔
نادیہ حسین جتنی اچھی بیوٹیشن، ماڈل اور اینکر ہیں اتنی ہی بہترین ماں بھی ہیں، جب ان کا چھوٹا بیٹا شیر داد پیدا ہوا تو انکے گھر والوں کو ڈر تھا کہ نادیہ اتنی مصروف ہے کیا بچے کو پال لے گی، لیکن نادیہ نے نہ صرف بچے کو خود سنبھالا بلکہ اس کی پہلی نرم غذا بھی گھر میں ہی تیار کرتی تھیں، انہوں نے ڈبے کی غذائیں اپنے بچے کو نہیں کھانے دیں۔ وہ ہر وقت اپنے ساتھ بے بی بیگ رکھتی تھیں اور بچے کے تمام کام خود کرنے کو ترجیح دیتی تھیں۔
شوبز انڈسٹری کی مصروف ترین زندگی کے باوجود عائزہ خان اپنے بچوں کے معاملے میں کوئی کوتاہی نہیں کرتیں، ان کی زندگی کا پہلا مقصد صرف اور صرف ان کے بچے ہیں، بچوں کی پسند کے کھانے تیار کرنے سے لے کر انہیں اسکول چھوڑنا، ان کو کھانا کھلانا، ان کو سلانا، ان کے سارا دن کے کام عائزہ خود ہی کرتی ہیں، وہ بڑے ہی منظم طریقے سے اپنی شوٹس کو اپنے بچوں کی مصروفیت کے حساب سے ترتیب دیتی ہیں تاکہ ان کی فنی زندگی بھی چلتی رہے اور کام کی مصروفیات کی وجہ سے ان کے بچوں کے معمولات پر بھی کوئی فرق نہ پڑے، عائزہ خان اکثر بچوں کےلئے شوٹ کے دوران بھی گھر کا وزٹ کرتی رہتی ہیں تاکہ انہیں ماں کی دوری کا احساس نہ ہو۔
مارننگ شو میزبان صنم جنگ نے اس وقت تک کوئی ڈرامہ نہیں کیا جب تک انکی بیٹی الایا اسکول جانے کے لائق نہیں ہوگئی، وہ مارننگ شو کے بعد اپنا پورا وقت الایا کو ہی دیتی تھیں، جب وہ چھوٹی تھی اور رات بھر جاگتی تھی تو صنم اسے خود ہی سنبھالتی تھیں اور پھر بغیر نیند پوری کئے اپنے شوٹ پر بھی جاتی تھیں، الایا کی خاطر صنم نے بہت کچھ پکانا بھی سیکھا اور اس کے تمام کام خود کرنے کو ہی ترجیح دیتی ہیں۔
اپنے کیریئر کے عروج پر ہونے کے باوجود اداکارہ ایمن خان نے شوبز کی دنیا کو اپنی بیٹی امل کی پیدائش کے بعد مکمل طور پر ہی خیر آباد کہہ دیا ہے۔ اب وہ اکا دکا ہی کسی شو میں نظر آتی ہیں، ان کی ساری توجہ اب امل کی پرورش پر ہے اور وہ اس میں کبھی کوئی کوتاہی نہیں کرتیں۔
چلبلی ماڈل اور اداکارہ متھیرا کو لوگ کچھ بھی کہتے ہوں لیکن اپنے بیٹے کےلئے وہ ایک مثالی ماں ہے، متھیرا اپنے بچے کے تمام کام خود ہی کرتی ہیں اور جب وہ گھر پر موجود ہوں تو اس کو کھانا کھلانے سے لے کر اس کے تمام ضروری کام کرنے تک وہ کسی اور کو تکلیف نہیں دیتیں، متھیرا کو اپنے بیٹے کے کام کرکے خوشی ہوتی ہے۔

