بھارت، ایران چاہ بہار معاہدے پر امریکہ نے تشویش کا اظہار کردیا

ایرانی بندر گاہ چاہ بہار کے حوالے سے حال ہی میں ہونے والے بھارت، ایران تجارتی معاہدے پر امریکہ نے تشویش کا اظہار کردیا، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیل امریکی پابندیوں سے مستثنیٰ نہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانٹ پٹیل کا کہنا ہے کہ چاہ بہار بندرگاہ کے حوالے سے بھارت اور ایران کے مابین ہونے والا معاہدہ ایران پر عائد پابندیوں سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ تاہم ان کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ امریکہ اس معاہدے کے بعد بھارت پر کسی قسم کی پابندی عائد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ترجمان محکمہ خارجہ نے اس معاہدے پر امریکی موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو چاہ بہار بندرگاہ سمیت ایران کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات پر بات کرنے دیا جائے گا تاہم ایران پر عائد پابندیاں اپنی جگہ برقرار رہیں گی اور ان پر پوری طریقے سے عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔
