بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کی مسلمان سے متنازع شادی

بالی ووڈ کی بولڈ اداکارہ راکھی ساونت کی ایک مسلمان اداکار کے ساتھ شادی متنازعہ ہو گئی ہے کیونکہ دولہا نے انہیں دلہن تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ راکھی ساونت نے مداحوں کو خفیہ شادی کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چھ ماہ قبل وہ مسلم لڑکے عادل درانی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی تھیں۔ بھارت کی متنازع، بولڈ اور ہندو ازم کا پرچار کرنے والی اداکارہ نے 11 اور 12 جنوری کو انسٹا گرام پر عادل درانی کے ساتھ شادی کی متعدد تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کر کے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شادی کرلی، اداکارہ نے نکاح نامے اور اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی کاپی بھی انسٹا گرام پر شیئر کی، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے جولائی 2022 میں شادی کی رجسٹریشن کروائی تھی۔ اداکارہ نے ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں شادی کی رجسٹریشن کی کاپی شیئر کی، جس میں ان کا نام راکھی ساونت پڑھا جا سکتا ہے جب کہ ان کے شوہر کا نام عادل درانی پڑھا جا سکتا ہے، یاد رہے کہ بھارت میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو شادی کی رجسٹریشن کروانی پڑتی ہے۔

بھارت کی متعدد شوبز ویب سائٹس اور اخبارات نے بھی بتایا کہ راکھی ساونت نے مسلمان بوائے فرینڈ عادل درانی سے شادی کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ تاہم بھارت میں پرو بی جے پی ہندو انتہا پسند ایک مسلمان سے شادی کرنے پر راکھی ساونت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق راکھی ساونت نے عادل درانی سے شادی کا دعویٰ تو کیا لیکن دوسری جانب مسلمان اداکار نے ان سے شادی کی خبروں کو مسترد کر دیا، دوسری جانب ہندوستان ٹائمز  نے بتایا کہ راکھی ساونت نے مسلمان اداکار عادل درانی سے شادی کرنے کے بعد اپنا نام بھی تبدیل کرکے راکھی ساونت فاطمہ کر دیا۔ تاہم رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ راکھی ساونت نے اسلام قبول کیا یا نہیں لیکن اس بات کی تصدیق کی گئی کہ انہوں نے شادی کی خاطر اپنا نام بھی تبدیل کر دیا۔

تاہم ساتھ ہی راکھی ساونت نے جہاں شادی کرنے کا دعویٰ کیا، دوسری جانب شوہر عادل درانی پر الزامات بھی لگائے اور کہا کہ شوہر نے ہی انہیں شادی کو خفیہ رکھنے کا کہا تھا۔ ٹائمز آف انڈیا کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں راکھی ساونت نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سات ماہ قبل ہی عادل درانی سے شادی کر لی تھی مگر انہیں شوہر نے شادی کو خفیہ رکھنے کا کہا تھا۔ اداکارہ کے مطابق ممکنہ طور پر عادل درانی اپنے والدین سے ڈرے ہوئے تھے اور انہیں گھر والوں کو یہ بتانے کی ہمت نہیں ہو رہی تھی کہ انہوں نے ایک ہندو خاتون سے شادی کرلی۔ ساتھ ہی راکھی ساونت نے شوہر پر الزامات لگائے کہ ان کے شوہر نے ان کے ساتھ بے وفائی بھی کی اور ان کے پاس شوہر کی بے وفائی کے شواہد بھی موجود ہیں جبکہ انہوں نے ذاتی طور پر بھی شوہر کو پکڑا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پورے معاملے پر عادل درانی نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا، اداکارہ نے اپنے انسٹا گرام پر بھی راکھی ساونت سے شادی کی تصاویر شیئر نہیں کیں۔

مسلمان شخص سے شادی سے قبل راکھی ساونت نے 2019 میں ایک مداح بزنس مین رتیش راج سے شادی کرنے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ اس سے قبل انہوں نے 2018 میں اداکار دیپک کلال سے شادی کا اعلان کیا تھا۔ اسی طرح وہ مختلف مواقع پر مختلف افراد کے ساتھ متعدد بار تعلقات، شادیوں اور افیئرز کا دعویٰ کرتی آئی ہیں، تاہم لوگوں نے کبھی ان کے دعوئوں کو درست تسلیم نہیں کیا۔

Back to top button