بھارتی اداکار عرفان خان انتقال کرگئے

بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار عرفان خان ممبئی میں انتقال کرگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 53 سالہ عرفان خان آنت کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان کو منگل کے روزاسپتال میں اس وقت داخل کروایا گیا جب ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار کو بڑی آنت کا انفیکشن ہوا تھا جس کے علاج کےلیے وہ اسپتال میں داخل ہوئے۔
اداکار کے انتقال کی خبر ان کے قریبی دوست اور ہدایت کار شوجت سرکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی۔ شوجت سرکار نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میرے پیارے دوست، تم خوب لڑے، مجھے ہمیشہ تم پر فخر رہے گا، ہم دوبارہ ضرور ملیں گے‘۔ انہوں نے عرفان خان کے گھر والوں سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کا مرض لاحق ہوگیا تھا اور وہ علاج کے لیے بھارت سے برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔ اس وقت عرفان خان نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ وہ گزشتہ کئی روز سے طبیعت میں خرابی محسوس کر رہے تھے اور انہیں ابتدائی طور پر پتہ چلا کہ وہ کسی خطرناک یا موذی مرض میں مبتلا ہیں۔
تاہم انہوں نے واضح کردیا تھا کہ ابھی مکمل طور پر اس بات کا پتہ نہیں چلا کے انہیں کون سی بیماری لاحق ہے اور وہ کس اسٹیج پر پہنچ چکی ہے۔
چند روز قبل عرفان خان کی والدہ کا بھی بھارتی شہر جےپور میں انتقال ہوگیا تھا اور خبریں تھیں کہ عرفان لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنی والدہ کے جنازے میں شریک نہیں ہوپائے تھے۔
عرفان خان کے انتقال پر بھارتی شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور بھارتی اداکار امیتابھ بچن کاکہنا ہےکہ عرفان خان کےانتقال کی خبر افسردہ اور پریشان کن ہے، ان کے جانے سے انڈسٹری میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔
