بھارتی مسلمانوں پرمظالم، وزیراعظم کاعالمی برادری سے اقدامات کا مطالبہ

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں جاری مذہبی فسادات پر عالمی برادری سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا ہے.
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ’جیسا کہ میں نے گزشتہ برس اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش گوئی کی تھی کہ ایک مرتبہ جن بوتل سے باہر آجائے گا تو خون ریزی شدید ہوجائے گی‘وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’مقبوضہ کشمیر آغاز تھا اب بھارت میں مقیم 20 کروڑ مسلمان نشانے پر ہیں‘۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’آج ہم بھارت میں دیکھ رہے ہیں کہ نازی نظریات سے متاثرہ راشٹریہ سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے ایک ارب سے زائد آبادی والی جوہری ریاست پر قبضہ کرلیا ہے‘۔بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’جب بھی نفرت کی بنیاد پر نسل پرستانہ نظریات کا حامل گروہ غالب آتا ہے، قتل و غارت گری اور خونریزی کے دروازے کھل جاتے ہیں‘۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں پاکستان میں موجود غیر مسلموں کے حوالے سے بھی متنبہ کیا۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’میں عوام کو خبردار کرتا ہوں کہ اگر کسی نے پاکستان میں غیر مسلم شہریوں یا ان کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا تو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا‘۔وزیراعظم نے مزید کہنا کہ ‘ہماری اقلیتی برادری اس ملک کے برابر کے شہری ہیں‘۔

