’’بھارتی کامیڈین کپل کی پاکستانی یوٹیوبر نادر علی کو فون کال‘‘

معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما نے پاکستانی یوٹیوبر نادر علی کو فون کال کر کے ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا، معروف یوٹیوبر نے بھارتی کامیڈین کی جانب سے موصول ہونے والی کال اور گفتگو کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی اور بتایا کہ کپل بھائی جلد لاہور آ رہے ہیں۔کال کے آغاز پر کپل شرما کا نادر علی سے حال چال پوچھ کر اُن کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں آپ کو اتنا پسند کرتا ہوں اور ابھی آپ کا شو دیکھ رہا تھا، آپ بہت اچھا بولتے اور شو کو لے کر چلتے ہیں، کپل شرما کا نادر علی کے ساتھ کام کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ ہم کبھی ساتھ میں ایک شو کریں اور وہ دبئی میں ہوگا۔بھارتی کامیڈین نے بتایا کہ میرا تعلق امرتسر سے ہے اور میرا خیال ہے کہ آپ کا تعلق بھی لاہور سے ہے، میرے آباؤ اجداد کا تعلق لاہور سے تھا، چھوٹے تاؤ، بڑا تاؤ اور پھوپھو سب لاہور سے تھے جبکہ والد 1915 میں امرتسر میں پیدا ہوئے۔اُن کا کہنا تھا کہ ’میں آپ کو بہت پسند کرتا ہوں، کسی دن ہم دبئی میں ملتے ہیں‘۔ اس پر نادر علی نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’لازمی کپل بھائی، یہ تو کوئی کہنے کی بات ہی نہیں ہے۔بھارتی کامیڈٰین کا مزید کہنا تھا کہ ’برادر ہم نے کچھ اچھی چیزیں بنائی ہیں اور میری خواہش ہے کہ آپ بھی اُس میں حصہ لو اور مجھے بتاؤ، میں دبئی جب بھی آتا ہوں آپ کو کال کروں گا پھر ہم مل کر ساری چیزیں طے کرلیں گے۔ واضح رہے کہ دی کپل شرما شو سمیت بھارت کے دیگر مزاحیہ پروگراموں میں پہلے بھی نامور پاکستانی کامیڈین شرکت کر چکے ہیں۔اس دوران نادر علی کی والدہ نے بھی کپل شرما سے بات کی، گفتگو کے دوران نادر کی والدہ نے کپل شرما کے پروگرام کی تعریف کی اور ان کی کامیابی کے لیے دعائیں کیں، یاد رہے کہ کپل شرما کا شو ’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ 2013 میں شروع ہوا، جس نے انہیں شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا، انہیں بھارت میں ٹی وی کی دنیا میں کامیڈی کا بادشاہ کہا جاتا ہے، دوسری جانب نادر علی یوٹیوبر ہیں جو اپنے یوٹیوب پیچ پر مختلف معروف شخصیات کے ساتھ پوڈکاسٹ کرتے ہیں۔

Back to top button