بھارتی گلوکار ہنی سنگھ کےآباؤ اجداد لاہوری نکلے

معروف بھارتی پنجابی گلوکار و ریپر یو یو ہنی سنگھ نے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے آباؤ اجداد کا تعلق لاہور سے تھا اور وہ کبھی نہ کبھی پاکستان ضرور آئینگے۔

خیال رہے کہ تقسیم ہند سے قبل یو یو ہنی سنگھ کے والدین اس وقت پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھتے تھے لیکن تقسیم کے بعد وہ بھارت چل گئے۔تقسیم کے وقت پنجاب کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا اور ہندو اور سکھ پنجابی پاکستان سے چلے گئے تھے جب کہ وہاں سے مسلمان پنجاب پاکستان آئے تھے۔ہنی سنگھ کے علاوہ بھی دیگر متعدد بھارتی پنجابی گلوکاروں اور فنکاروں کے آباؤ اجداد کا تعلق لاہور اور گرد و نواح کے علاقوں سے ہے اور دوسرے اداکار بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہنی سنگھ کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں متحدہ عرب امارات  کے آر جے کو انٹرویو دیتے ہوئے سنا اور دیکھا جا سکتا ہے۔مختصر ویڈیو میں ریڈیو جوکی بھارتی گلوکار کو کہتے ہیں کہ پاکستان میں بھی ان کے بہت سارے مداح ہیں، وہ ان سے متعلق کیا کہنا چاہیں گے؟اس پر ہنی سنگھ پاکستانی مداحوں کے لیے محبت بھرا پیغام دیتے ہوئے انہیں کہتے ہیں کہ وہ انہیں ایسے ہی پیار کرتے رہیں۔ہنی سنگھ بتاتے دکھائی دیتے ہیں کہ ان کے آباؤ اجداد کا تعلق لاہور سے تھا اور وہ ایک دن ضرور لاہور آئیں گے۔بھارتی گلوکار کا کہنا تھا کہ اگر ان کی قسمت میں پاکستان آنا ہوا تو وہ لاہور ضرور آئیں گے اور وہاں اپنے مداحوں سے بھی ملیں گے، تب تک پاکستانی مداح انہیں پیار کرتے رہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی گلوکار ہنی سنگھ نے پچھلے ایک ہفتے سے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں دھوم مچا رکھی ہے۔’ بلو آئیز’ ، ‘ ہائی ہیلز’ ، ‘لو ڈوز’ اور ‘میرے محبوب’ جیسے گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے گلوکار ہنی سنگھ نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر جاری کی ہے جس میں ان کے ساتھ مہوش حیات کو دیکھا جاسکتا ہے۔ ہنی سنگھ نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مہوش حیات کے ہمراہ اپنی تصویر پوسٹ کی جس میں دونوں فنکار سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس ہیں اور دونوں نے ہی سلور گھڑی پہنی ہوئی ہے اور تصویر کے لیے پوز دے رہے ہیں۔بھارتی ریپر نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ “مہوش حیات ایک زندہ دل خاتون ہیں”۔ ہنی سنگھ نے کیپشن میں صوفی، شاعری اور میوزک جیسے الفاظ کو بطور ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

یو یو ہنی سنگھ کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ “مجھے آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی”۔آپ ناقابل یقین ذہانت اور متاثرکن شخصیت کے مالک ہیں‘۔مہوش حیات اور یو یو ہنی سنگھ کی تصویر جہاں سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی تو وہیں مداحوں نے اداکارہ سے سوال کیا کہ “کیا وہ بھارتی ریپر کے ساتھ کسی پراجیکٹ میں نظر آنے والی ہیں؟”مداح کے سوال کے جواب میں مہوش حیات نے کہا کہ “آپ یہ سوال یو یو ہنی سنگھ سے ہی پوچھ لیں، دیکھتے ہیں وہ اس پر کیا کہتے ہیں”۔مہوش حیات کے جواب پر ردعمل دیتے ہوئے یو یو ہنی سنگھ نے اُن سے پوچھا کہ “کیا واقعی بتا دوں؟”

Back to top button