بھارت کورونا کی وباء کی آڑ میں مسلمانوں کو نشانہ بنارہا ہے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ بھارت میں کورونا کی وباء کی آڑ میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے غیر وابستہ ممالک کی تحریک (این اے ایم) کے سربراہ اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف متعصبانہ رویہ جاری ہے جو انتہائی تشویش ناک ہے، وہاں کورونا کی وباء کی آڑ میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ضروری اشیاء کی عدم دستیابی صورت حال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے خلاف جنگ سیاسی وابستگی اور تنگ نظری سے بالاتر ہو کرجیتی جاسکتی ہے، اس مقصد کےلیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
عارف علوی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا عالمی چیلنج ہے جس پر عالمی ردعمل درکار ہے، جب کہ غیر وابستہ ممالک کی تحریک کا سربراہ اجلاس کورونا کے چیلنج سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وباء سے نمٹنے کےلیے متعدد اقدامات کیے ہیں، کورونا کے پھیلاﺅ کے پیش نظر بندشوں کی وجہ سے معاشی طور پر متاثر ہونے والے غریب اور کمزور طبقات کی مدد کےلیے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 8 ارب ڈالر کا ریلیف پیکج دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مخیر حضرات بھی اس چیلنج کے خلاف حکومتی کوششوں میں ساتھ دے رہے ہیں۔ ‘کورونا کےخلاف کوششیں عالمی حمایت کے بغیر موثر نہیں ہوسکتیں’ صدر مملکت نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے چیلنج کے خلاف قومی کوششیں بین الاقوامی حمایت کے بغیر پوری طرح موثر نہیں ہو سکتیں، اس وبا کا ترقی پذیر ممالک کی معیشت پر گہرا اثرا پڑا ہے، اس تناظر میں وزیراعظم نے ترقی پذیر ملکوں کےلیے قرضوں کی ادائی میں سہولت کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر وابستہ ممالک کی تحریک کی ترقی اور امن کے قیام کےلیے کوششیں قابل قدر ہیں، پاکستان اسے مزید فعال بنانے کے سلسلے میں کردار ادا کرنے کےلیے پوری طرح تیار ہے۔
واضح رہے کہ 120 رکن ممالک پر مشتمل غیر وابستہ ممالک کی تحریک کا مقصد ایسے ممالک کا ایک فورم بنانا تھا جو کسی سپرپاور کے ساتھ منسلک نہ ہوں۔
سوویت یونین کے ٹوٹنے سے پہلے کچھ ممالک امریکا کے اتحادی تھے تو کچھ روس کے، اس تحریک کا مقصد خود کو دونوں سےغیر جانب دار رکھنا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button