بیرون ملک سے واپس آئے ہزاروں پاکستانی گھروں میں نظربند

بیرون ملک سے واپس آنے والے پاکستانیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص کے مسلسل بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر سیالکوٹ کی ضلعی حکومت نے مختلف ممالک سے واپس آنے والے دس ہزار سے زائد شہریوں کو ان کے گھروں میں ہی نظر بند کر کے قرنطینہ کر دیا ہے۔
حکام نے بیرون ملک سے وطن واپس لوٹنے والے جن افراد کو گھروں میں قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران واپس آئے تھے۔ سیالکوٹ میں قرنطینہ کیے جانے والے افراد کی تعداد گیارہ ہزار سات سو دو ہے اور ان لوگوں کو دو ہزار دو سو تئیس گھروں میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔ قرنطینہ کئے گئے افراد کو 15 سے 28 روز تک گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قرنطینہ قرار دئیے گئے گھروں کے باہر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ اور اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کی طرف سے جاری کردہ نوٹس بھی چسپاں کئے گئے ہیں۔ گھروں کے باہر لگائے گئے نوٹسز میں بیرون ملک سے آنے والے مسافر کی تمام تفصیلات کے اندراج کے علاوہ مختلف ہدایات بھی درج کی گئی ہیں۔ چسپاں نوٹسز میں مسافر اور اس کے اہل خانہ کو 15 سے 28 روز تک گھروں میں رہنے کا پابند بنایا گیا ہے جبکہ ان کے رشتہ داروں کو اس گھر میں آنے اور ملاقات کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔ نوٹس کو اتارنے یا پھاڑنے پرسخت قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیا گیا ہے۔
WhatsApp Image 2020 03 31 at 12.44.42 PM 1
قرنطینہ کیئے گئے گھروں کے باہرچسپاں نوٹسزمیں رابطہ کیلئے متعلقہ سرکاری افسران کے نمبربھی درج کئے گئے ہیں اور قرنطینہ کے دوران نزلہ زکام، بخار، جسم درد یا کسی بھی اور پیچیدگی کی صورت میں متلعقہ ذمہ داران کو مطلع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ کوویڈ ۔19 کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر اور تجاویز میں مشتبہ افراف کو قرنطینہ میں جانے پر پر زور دیا جا رہا ہے۔ میڈیکل سائنس کی زبان میں کسی متعدی بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کسی کو کچھ وقت کے لیے الگ رکھنے کو قرنطینہ کہا جاتاہے۔چونکہ کرونا بھی ایک متعدی بیماری ہے لہذا اس سے دوچار افراد یا متاثرہ افراد کے ساتھ رابطے میں آنے والے افراد کو الگ رکھنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔ جس کی وجہ سے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے لوگوں کو بھی تقریباً دو ہفتوں کے لیے علیحدہ رکھا جا رہا ہے۔
WhatsApp Image 2020 03 31 at 12.44.43 PM 2 e1585654718903
یاد رہے کہ پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد 650 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ میں 209، ملتان قرنطینہ میں 89، رائیونڈ قرنطینہ میں 27 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ لاہور میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 128، گجرات میں 62، راولپنڈی میں 40، جہلم میں 28، ننکانہ صاحب میں 13، گجرانوالہ میں 11، فیصل آباد میں 9، ڈی جی خان اور حافظ آباد میں پانچ پانچ، منڈی بہاؤالدین میں 4، میانوالی اور رحیم یار خان میں 3، 3 جبکہ ملتان، ویہاڑی اور سرگودھا میں دو دو مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔ نارووال، اٹک، بہاولنگر، خوشاب، بہاولپور اور قصور میں ایک ایک مریض میں کرونا وائرس پایا گیا ہے۔ پنجاب میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button