بینکنگ کورٹ کا شہباز شریف کے داماد کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم

لاہور کی بینکنگ عدالت نے شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا ہے. بینکنگ کورٹ نے نجی بینک کے دعوے کو منظور کرتے ہوئے احکامات جاری کیے۔
28 فروروی کو عدالت میں ہونے والی سماعت کے دوران نجی بینک کی جانب سے ان کے وکیل احسن مسعود نے دلائل دئیے۔
انہوں نے موقف اپنایا کہ ‘شہباز شریف کے داماد نے بینک سے 2 کروڑ 54 لاکھ قرض لیا لیکن قرض واپس نہیں کیا گیا’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘عمران علی یوسف نے 240 قسطیں ادا کرنی تھیں لیکن 120 قسطیں ادا کی گئی جس پر انہیں متعدد بار آگاہ کیا گیا لیکن ان کی جانب سے مکمل قرض کی رقم واپس نہیں کی گئی’۔
نجی بینک کے دلائل سننے کے بعد لاہور کی بینکنگ کورٹ نمبر 4 نے جائیداد نیلامی کے لیے اشتہار جاری کیا اور شہباز شریف کے داماد کی جائیداد نیلامی کے لیے 27 مارچ کی تاریخ مقرر کی۔عدالت نے شہباز شریف کے داماد کا ڈیفنس میں گھر اور کمرشل پراپرٹی کو نیلام کرنے کا حکم دیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اگست 2018 میں لاہور کی احتساب عدالت نے عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دیا تھا۔ اسی سال اکتوبر کے مہینے میں احتساب عدالت نے صاف پانی کیس میں عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم جاری کیا تھا۔
