تحریک انصافMNAکی اپنے ہی ایم پی اے کیخلاف ایف آئی آر درج

پی ٹی آئی کے دو ارکان آمنے سامنے، اسلم خان نے ماڈل عباس جعفری پر مقدمہ کرادیا. پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی محمد اسلم خان نے اپنی ہی جماعت کے رکن صوبائی اسمبلی عباس جعفری کے خلاف چیک باؤنس ہونے پر متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔
تحریک انصاف کے کراچی کے علاقے عزیز آباد سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے اپنی ہی جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی ہے۔اسلم خان نے تھانہ بوٹ بیسن کراچی میں مقدمہ درج کراتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ایم پی اے عباس جعفری کی الیکشن مہم میں پیسے خرچ کئے تھے جو ابھی تک واپس نہیں کئے گئے، ایم پی اے نے چیک دیا جو باؤنس ہوگیا۔
واضح رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے اسلم خان کراچی کے حلقہ این اے 254 عزیز آباد سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے جب کہ شوبز سے تعلق رکھنے والے عباس جعفری نے کراچی کے پی ایس 125 سے منتخب ہوکر سندھ اسمبلی تک رسائی حاصل کی تھی۔عباس جعفری ضلع وسطی کی صوبائی اسمبلی کے سیٹ پی ایس 125 سے رکن صوبائی سمبلی منتخب ہو ئے تھے اور وہ پاکستان کے معروف ماڈل بھی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ، عباس جعفری نے اسلم خان سے 2018 کےالیکشن مہم کے لیے رقم لی تھی تاہم دو سال قبل دیے جانے والا چیک تاحال کیش نہیں ہوسکا جس کے بعد محمد اسلم خان نے تھانہ بوٹ بیسن میں چیک باؤنس ہونے کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرادیا۔
