تربیلا سے پیداوار متاثر، بجلی بحران شدت اختیار کرگیا

تربیلا ڈیم میں مٹی آجانے سے بجلی کی پیداوار بند ہوگئی جس کی وجہ سے مشینری کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کے نظام میں اس وقت تربیلا سے ہی 4 ہزار میگاواٹ سے زائد پیداوار میں کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور مجموعی شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے زائد ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ تربیلا سے بجلی کی پیداوار آنے میں وقت لگے گا اور بجلی کے شارٹ فال کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر پہنچ گئی ہے، لاہور کی گنجان آبادیوں میں بجلی کی بندش کا زیادہ سامنا ہے۔ لیسکو حکام کے مطابق لیسکو میں بجلی کی طلب 5 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگئی اور بجلی کی سپلائی 4 ہزار میگاواٹ کے قریب ہے جب کہ شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے دیہات اور چھوٹے شہروں میں بجلی فراہمی کی صورت حال بدتر ہو گئی ہے۔ واضح رہےکہ گزشتہ روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک میں اضافی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے سی ای او سمیت بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان کو طلب کرلیا ہے۔
