ترسیلات زر میں 26 فیصد کا اضافہ

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں بہتری آرہی ہے جب کہ ترسیلات زر میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کے دوران رضا باقر نے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں ترسیلات زر میں اضافے کی شرح 43 فیصد رہی ہے۔ رضا باقر نے کہا کہ ابھی عید آنے والی ہے اس پر ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہوگا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ ملکی معیشت میں معاون کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے معاشی اشاروں میں اضافے کو پہلی اور تیسری کورونا وائرس کی لہر میں بطور فرق پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی پہلی اور تیسری لہر کے درمیان یہ پہلا فرق ہے۔ رضا باقر نے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ بنیاد پر ایل ایس ایم میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے اگر یہ تقریب ہورہی تھی ہوتی اور ایل ایس ایم کا تذکرہ ہوتا تو اس کے تمام اشاریے منفی تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپلائی اور ایل ایم ایس کے شعبوں میں اشاریے مثبت ہیں جب کہ گزشتہ برس تمام اشاریے منفی میں تھے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ایف ایم سی جی کی گروتھ 8.7 فیصد رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیسری لہر کے دوران ہم مضبوط معاشی گروتھ کے ساتھ داخل ہورہے ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے روایتی گھنٹا بجا کر کاروبار کا آغاز کیا۔ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے ترسیلات زر سے متعلق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پاکستان سے محبت اور وابستگی بے مثال ہے، آپ نے تمام ریکارڈ توڑ کر کوویڈ کے باوجود 10 ماہ میں 2 ارب ڈالر بھیجے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی ترسیلات زر مارچ میں بڑھ کر 2 ارب 70 کروڑ ڈالر ہوگئی جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ رواں مالی سال میں اب تک آپ کی ترسیلات زر میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
