ترکی کے مشہور ڈرامے نے PTV پر بھی دھوم مچا دی

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر نشر کیے جانے والے اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترکش ڈرامے ارطغرل غازی نے نیٹ فلیکس کے بعد پی ٹی وی پر بھی دھوم مچادی ہے اور ڈرامہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔
پی ٹی وی ہوم پر نشر ہونے والے ترک تاریخی ڈرامے ‘ارطغرل غازی’ کی اردو ڈبنگ کی پہلی قسط نے اپنی ریلیز کے ساتھ ہی نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔ جیسے ہی یکم رمضان کو اس ڈرامے کی پہلی قسط ریلیز کی گئی تو ٹوئٹر پاکستان کے ٹرینڈنگ پینل پر ‘ارطغرل اردو پی ٹی وی’ ہیش ٹیگ نمبر ون پر تھا۔ دیریلیش ارطغرل‘ کو پی ٹی وی پر شہروں اور گاؤں کے لاکھوں صارفین نے دیکھا جب کہ حیران کن طور پر مذکورہ ڈرامے کو پی ٹی وی کے یوٹیوب چینل پر بھی اب تک 50 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔ ارطغرل کو نشر کرنے سے جہاں لاکھوں ڈراما شائقین کا انتظار ختم ہوا، وہیں پی ٹی وی کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس کے یوٹیوب چینل کو ایک ہی دن میں 40 ہزار نئے صارفین نے سبسکرائب کیا۔
ارطغرل کے پی ٹی وی پر نشر کیے جانے کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی خصوصی پیغام جاری کیا اور ترک ڈرامے کو نہ صرف اسلامی بلکہ پاکستانی ثقافت و تاریخ کے بھی قریب تر قرار دیا۔ وزیر اعظم نے اپنی خصوصی ویڈیو میں کہا کہ یہ لازم ہوگیا تھا کہ اسلامی فتوحات کی تاریخ پر مبنی ڈرامے کو پی ٹی وی پر نشر کیا جائے تاکہ پاکستان کی نئی نسل دوبارہ اپنی تاریخ سے وابستہ ہو۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نئی نسل ہولی وڈ سے لے کر بولی وڈ اور پھر بولی وڈ کی عریانیت میں پھنس چکی تھی، اس لیے ارطغرل جیسے ڈراموں کو نشر کرنا اچھی بات ہے۔ وزیر اعظم کے مطابق 40 سال قبل تک بولی وڈ میں اس قدر عریانیت نہیں تھی جتنی عریانت آج دیکھی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم کے علاوہ بھی کئی اہم شخصیات نے ’دیریلیش ارطغرل‘ کو پی ٹی وی پر نشر کرنے کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور ٹوئٹر پر’ارطغرل ان اردو‘ کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ میں بھی آگیا۔
ارطغرل غازی’ نشر کئے جانے کے بعد جہاں ناظرین نے ڈرامے کہ کہانی اور ڈائیلاگز کو سراہا وہیں شائقین ڈرامے کی اردو ڈبنگ کی تعریف کرتے ہوئے بھی نظر آئے جبکہ اکثر ناظرین نے ڈرامے کی کہانی اور پروڈکشن کی تعریف کی۔ خیال رہے کہ ارطغرل غازی ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے ترکی کے مشہور ڈرامہ سیریل ‘ارطغرل غازی’ کی کہانی تیرہویں صدی میں مسلمانوں کی عالمی فتوحات کی عکاسی کرتی ہے۔’دیریلیش ارطغرل‘ ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13 ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک پر اس ترکش ڈرامے کو نشر کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس کے بعد ڈرامے کی اردو زبان میں ڈبنگ کا کام شروع کیا گیا تھا۔یہ ڈرامہ پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔یہ ڈرامہ پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر بھی موجود ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button