تلور کے شکار کیلئے اماراتی شاہی خاندان کے وفد کی پاکستان آمد

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شاہی خاندان کے 11 افراد تلور کے شکار کےلیے ضلع چاغی پہنچ گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ عرب ملک سے تعلق رکھنے والے شاہی شکاری شیخ سلطان بن تہنون بن محمد النہیان کی قیادت میں خصوصی طیارے کے ذریعے دالبندین ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار خان سنجرانی نے شاہی وفد کا استقبال کیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ یو اے ای کے شکاری پہلی مرتبہ چاغی آئے ہیں کیوں کہ اس سے قبل انہیں شکار کےلیے نوکنڈی، تفتان اور سندیک کے علاقے دیے جاتے تھے۔ ایئرپورٹ پہنچنے پر سول اور عسکری حکام بھی شاہی شکاریوں سے ملے جس کے بعد انہیں سخت سکیورٹی میں بذریعہ سڑک کچھ ناور کے علاقے میں ان کے کیمپ لے جایا گیا۔ اماراتی وفد میں شیخ سلطان بن تہنون النہیان، عارف محمد، محمد اسمٰعیل، محمد متر عبید دالموک، محمد سعید شووین، عید جوآن محمد الشمسی، راشد نائل رشید، عبداللہ عودھ سعید، عبدالستار، علی مصیبح مسہار، سعید عبدللہ احمد اور تنویر ضیا ڈار شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وفد جس کے پاس شکار کےلیے سامان اور شاہین ہیں وہ ایک ہفتے کےلیے اس علاقے میں رکے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی حکومت نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ان کے اہلخانہ کے 14 دیگر افراد کو 21-2020 کے شکار کے موسم میں بین الاقوامی سطح پر محفوظ پرندے تلور کا شکار کرنے کےلیے خصوصی اجازت نامے جاری کیے تھے۔اس سے قبل وفاقی حکومت نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی حکمران خاندان کے دیگر 2 اراکین کو سال 21-2020 کے شکار سیزن میں تلور کے شکار کا اجازت نامہ جاری کیا تھایاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی ابو ظبی کی ایگزیکٹو کونسل کے ایک رکن اور شاہی خاندان کے ممبر شیخ سلطان بن تہنون النہیان کی سربراہی میں ایک وفد شکار کےلیے صوبہ سندھ کے علاقے تھرپارکر پہنچا تھا۔متحدہ عرب امارات سے آنے والے شاہی مہمانوں کےلیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ میرپورخاص ایڈیشنل کمشنر نے 8 دسمبر کو ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد نواز سوہو کو خط لکھا تھا اور ہدایت کی تھی کہ وہ علاقے میں شاہی مہمانوں کے قیام کے دوران ان کےلیے فول پروف سکیورٹی اور مکمل پروٹوکول کو یقینی بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button