توشہ خانہ ٹو کیس : عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم کی کارروائی مؤخر

عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کےخلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ عدالت نے فرد جرم کی کارروائی مؤخر کردی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، دوران سماعت عمران خان اور بشری بی بی کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے وکیل ذوالفقار عباسی نقوی اور عمیر مجید لیگل ٹیم کےہمراہ پیش ہوئے۔وکیل انتظار پنجھوتہ نے جج سےاستدعا کی ملزمان کی جانب سے وکیل کی تقرری نہ ہوسکی، ہمیں وقت دیا جائے،پہلے مقدمے کی سماعت آئندہ منگل کےبعد تک ملتوی کی جائے تاکہ ملزمان اپنی پیروی کےلیے اچھے وکیل کا تقرر کرسکیں۔
پراسکیوشن نے اعتراض عائد کرتے ہوئےکہا کہ ملزمان کےوکیل کی جانب سے سماعت اگلے منگل تک ملتوی کرنےکی استدعا مسترد کی جائے۔
پراسکیوشن کی جانب سے کہاگیا کہ عدالت ملزمان کو وکیل مقرر کرنے کےلیے اتنی لمبی تاریخ نہ دے،کل ملزمان سےملاقات کا دن ہے،کل ہی ملزمان اپنے وکلا سے بیٹھ کر وکیل کا تقرر کرلیں۔
بعد ازاں عدالت نےملزمان پر فرد جرم کی کارروائی 5 اکتوبر تک مؤخر کرتےہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
دوسری جانب 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بھی نیب کے خری گواہ پربشریٰ بی بی کےوکیل کی جرح مکمل نہ ہوسکی، جس کےسبب سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
یاد رہے کہ 19 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کا فیصلہ جلد کرنےکی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کیاتھا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےتین صفحات پر مشتمل محفوظ فیصلہ جاری کیاجس میں کہاگیا کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی کےمطابق مجسٹریٹ کےلیے 3 دن میں ضمانت کا فیصلہ کرنا لازم ہے۔
یاد رہے کہ 12 ستمبر کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کےلیے ایف آئی اےکی تین رکنی جے آئی ٹی تشکیل دےدی تھی۔
نیب ترامیم کےحوالے سے سپریم کورٹ کےفیصلے کے بعد احتساب عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کےخلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔
قبل ازیں عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کاریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیاتھا۔جب کہ 13جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کےفوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئےریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔نیب کی انکوائری رپورٹ کےمطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنےاور بیچنے سےمتعلق ہے۔
