میں امریکہ، برطانیہ یا انڈیا کا مخالف نہیں ہوں

وزیراعظم عمران خان نے عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، برطانیہ یا بھارت کا مخالف نہیں ہوں، میں امریکہ کی پالیسیوں کی مخالفت کرتا ہوں، میں شروع سے ہی دہشت گردی کے خلاف جنگ کا مخالف تھا اور آج بھی اپنے موقف پر قائم ہوں۔
اسلام آباد میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شکر گزار ہوں کہ اپوزیشن نے عوام کو ٹماٹر، پیاز کی قیمتیں بھلا دی ہیں، لوگ کہہ رہے ہیں کہ تھری سٹوجز نے ملک کو بچانا ہے تو بہتر ہے آپ لوگ عمران خان کے ساتھ ڈوب جاؤ، اب تک ہمیں عالمی سطح پر مہنگائی کا سمندر آیا ہوا ہے، ہمیں سارا وقت بوجھ پڑا رہتا ہے کہ کس طرح ہم لوگوں کے لیے آسانی پیدا کریں اور کس طرح مہنگائی کم کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے میرے اوپر اتنا احسان کیا ہے کہ میں ان کو بُرا بھلا نہیں کہوں گا، میری ساری پارٹی کھڑی کر دی ہے، میری پارٹی کے تمام کارکن متحرک ہو گئے ہیں، ادھر زرداری نے پیپلزپارٹی کو یہ بتایا کہ نواز شریف سے کرپٹ کوئی آدمی نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں تنگ آگیا تھا کہ کل حکومت گئی، پرسوں حکومت گئی، آج گئی، نااہل ہے، سلیکٹڈ ہے، تو اب یہ تینوں نے اکٹھے ہو کر جو کیا ہے، یہ تینوں اب کپتان کی بندوق کی نشست کے بیچ آگئے ہیں، اس ملک میں یہ اللہ کا خاص کرم ہوا کہ یہ تینوں اکٹھے ہوگئے۔
