جامعہ کراچی دھماکہ:وزیر اعظم کی چینی ناظم الامورسے تعزیت

وزیراعظم شہباز شریف نے جامعہ کراچی میں خود کشی دھماکے کے نتیجے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر پاکستان میں چینی ناظم الامور سے تعزیت کی ہے۔
جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ پر خودکش حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزرا رانا ثنااللہ، احسن اقبال، وزیرمملکت حنا ربانی کھرکے ہمراہ اسلام آباد میں قائم چینی سفارتخانے پہنچ گئے۔جہاں انہوں نے چینی ناظم الامور سے ملاقات کی اور چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔
انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کیلئے خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیااور چینی باشندوں کی ہلاکت پر اپنے تاثرات لکھے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستانی سرزمین سے دہشت گردی کو ختم کریں گے، اپنے ‘ آئرن برادر’ پر وحشیانہ حملے پر پوری پاکستانی قوم صدمے میں ہے، پورا پاکستان چین کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے،واقعے کی تیزی سے تحقیقات کریں گے، مجرموں کو قانون کے مطابق عبرت کا نشان بنائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو کل کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی ہے اور مجرموں کی گرفتاری اورسزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، چینی باشندوں کی جان لینے والوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکائیں گے۔
یاد رہے کہ آج جامعہ کراچی کے اندر ایک خاتون نے خود کش دھماکےکے ذریعے چینی باشندوں کی وین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 چینی باشندوں سمیت 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

Back to top button