جسٹس مسرت ہلالی نے وفاقی آئینی عدالت کی جج بننے سے معذرت کر لی

سپریم کورٹ کی جج جسٹس مسرت ہلالی نے وفاقی آئینی عدالت کی جج بننے سے معذرت کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق جسٹس مسرت ہلالی نے صحت سے متعلق مسائل کے باعث وفاقی آئینی عدالت میں خدمات سرانجام دینے سے انکار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کا نام وفاقی آئینی عدالت کے لیے زیرِ غور آیا تھا، تاہم انہوں نے عدالت کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا۔ چند روز قبل خرابیِ صحت کے باعث ان کا بینچ بھی ڈی لسٹ کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمان نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی جس کے تحت وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔ اسی ترمیم کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر جسٹس امین الدین کو وفاقی آئینی عدالت کا پہلا چیف جسٹس مقرر کیا گیا۔

دوسری جانب 27 ویں آئینی ترمیم پر اعتراضات کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے دو سینئر ججز، جسٹس منصور علی خان اورجسٹس اطہر من اللہ، اپنے عہدوں سے مستعفی ہو چکے ہیں۔ دونوں ججز نے اپنے استعفے صدر مملکت کو ارسال کیے۔

Back to top button