جشن عید میلاد النبیؐ بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ بھرپور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جا رہا ہے، مساجد، محلوں اور اہم سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ میلاد کی محافل کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔صدر اور وزیر اعظم نے قوم کو مبارک باد دی ہے۔
اس جہاں کی تاریکی کو اپنے نور مجسم سے روشنیوں میں تبدیل کرنے والے محسن انسانیت، محبوب خدا، آقائے دوجہاں، خاتم النبین والمرسلین حضرت محمد مصطفیٰﷺکی ولادت باسعادت کی مناسبت سے میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں ملک بھر میں میلاد اور دروس کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
عاشقان مصطفیٰ ﷺ نے عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں گلیوں اور بازاروں اور گھروں کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجایا ہے جبکہ تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیا ہے، اسی طرح مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں پر بھی خوبصورت روشنی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
نبی کریم ﷺ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں تمام گلی محلوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے جارہے ہیں، جن میں شریک ہر شخص کے منہ پر ’سرکار کی آمد مرحبا‘ کا ورد ہے جبکہ عاشقان رسولﷺ کی جانب سے مختلف تقریبات بھی منعقد کی جارہی ہیں۔
عاشقان رسول ﷺ کی ولادت باسعادت کے موقع پر حضور کی بارگاہ میں درود و سلام اور نعت رسول مقبول ﷺ کے گلہائے عقیدت پیش کررہے ہیں۔
ادھر عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کیلیے لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت دیگر بڑے شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے قوم کو 12 ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوا کی نوید ہے، خاتم النبین نے انسانوں کو غلامی سے نجات دلائی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانے میں ہی ہماری کامیابی ہے، حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات زندگی کے ہر شعبے میں مشعل راہ ہیں، آپ کی سیرت پر عمل ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو 12 ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی تابعداری میں ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے رسول صلی علیہ وعلیہ وسلم کی کامل اتباع واطاعت نصیب فرمائے۔
