جنرل باجوہ اور عمران خان کے روحانی پیر کون ہیں؟

باخبر ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ راولپنڈی کی عید گاہ شریف کے نگران شیخِ طریقت محمد نقیب الرحمن آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم عمران خان دونوں کے خاص الخاص پیر ہیں۔ اسی طرح سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف اپنے دور اقتدار میں تمام اہم فیصلوں سے پہلے انہی پیر صاحب سے مشورہ لیتے تھے بلکہ دوبئی منتقلی کے بعد بھی وہ انہی سے بذریعہ فون فیض حاصل کرتے ہیں۔ عمران خان کے بارے میں عموما کہا جاتا ہے کہ وہ ہر کام فرسٹ لیڈی بشریٰ بی بی کے مشورے سے کرتے ہیں لیکن معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم پیر نقیب الرحمٰن کے بھی مرید خاص ہیں۔ پیر صاحب کے اندرون اور بیرون ملک مریدوں کی تعداد لاکھوں میں بتائی جاتی ہے، ان میں کئی نامور سیاستدان، بیورو کریٹس، فوجی افسران اور سفارتکار شامل ہیں۔


ماضی قریب میں عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمان اور ان کے صاحبزادے پیر حسان کا میڈیا میں خوب چرچا ہوا۔ پہلی مرتبہ جب پیرنقیب الرحمان کے صاحبزادے پیر حسان کی جانب سے مبینہ طور پر سپریم کورٹ کے جج طارق مسعود کے اہل خانہ کو لاہور سے اسلام آباد آتے ہوئے موٹروے پر ڈرایا دھمکایا گیا جس پر پولیس نے جسٹس طارق مسعود کی درخواست پر انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ بعد ازاں جب پیر حسان اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرکے 20 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تو پیر محمد نقیب الرحمان نے اپنے بیٹے کی جانب سے سپریم کورٹ کے جج سے معافی مانگی اورمقامی و قومی اخبارات میں معافی نامہ شائع کروانے کے علاوہ 5، 5 لاکھ روپے کی رقم بطور ہرجانہ 2 فلاحی تنظیموں کو بھی ادا کیا۔

راولپنڈی کے مذھبی گھرانے عید گاہ شریف کے چشم و چراغ پیر حسان حسیب الرحمن کی شادی بھی خبروں کی زینت بنی اور تنقید کی زد میں رہی۔ شادی کے انتظامات میں مذہبی گھرانے کی طرف سے اسراف کا مظاہرہ کیا گیا ، شادی میں اہم حکومتی شخصیات کے علاوہ کئی ممالک کے سفارت کاروں اور اہم خانقاہوں کے گدی نشینوں نے بھی شرکت کی۔
الحاج الحافظ پیر محمد عبد الکریمؒ نے عیدگاہ شریف راولپنڈی کوسلسلہ طریقت کا مرکز بنایا۔ آپ کے بعد آپ کے جانشین پیر ثانی الحاج حضرت عبدالرحمن نے نہ اس کام کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے تبلیغِ اسلام کا دائرہ مذید وسیع کیا ۔پیر محمد عبد الرحمن المعروف پیر ثانی کے بعد حضرت الحاج پیر محمد حبیب الرحمن سجادہ نشین ہوئے۔ آپ نے تمام دینی تعلیم اپنے پیر و مرشد حضرت پیر ثانی سے حاصل کی ۔

روحانیت میں آپ کی تربیت پیر و مرشد الحاج محمد عبد الرحمن پیر ثانی کے علاوہ آپ کے دادا محترم نے فرمائی ۔آپ کے بعد سجادہ نشین الحاج الحافظ پیر حضرت محمد نقیب الرحمن جنہیں آپ نے اپنی زندگی میں اپنا جانشین مقرر فرما دیا تھا۔

عید گاہ شریف کے موجود سجادہ نشین پیر نقیب الرحمان اوران کے چشم و چراغ پیر حسان حسیب الرحمن کی وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، پرویز مشرف، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت مختلف سیاسی رہنماوں اور مقتدر شخصیات کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر موجود ہیں اور کہا جاتا ہے کہ اس خانوادے کے اقتدار کے حلقوں میں گہرا اثرورسوخ ہے اور ان کے مشورے کو فیصلہ سازی میں اہمیت دی جاتی ہے۔

