جنوبی ایشیا میں سب سے سستا پیٹرول پاکستان میں ہے

وزیر توانائی عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باوجود پاکستان میں پیٹرول نہ صرف برصغیر بلکہ جنوبی ایشیا کے مقابلے سستا ہے۔
قومی اسمبلی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ریکارڈ اضافے پر وضاحت دیتے ہوئے وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں 112 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کو دیکھتے ہوئے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 41 روپے کا اضافہ ہونا تھا لیکن حکومت نے اسے 25 روپے 58 پیسے تک محدود رکھا۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 24 روپے 31 پیسے کا مجموعی اضافہ ہونا تھا لیکن اسے 21 روپے تک اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ حکومت کی مجبوری ہے اس کے باوجود گزشتہ ماہ کے دوران نہ صرف برصغیر بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں پیٹرول کی قیمت سب سے سستی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکم جنوری کو پیٹرول کی قیمت 116 روپے 60 پیسے اور ڈیزل کی 127 روپے 26 پیسے تھی، ہم نے پیٹرول کو 45 روپے اور ڈیزل کو 47 روپے سستا کیا اور قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باوجود بھی پیٹرول کی قیمت جنوری کے مقابلے 17 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 26 روپے فی لیٹر کم ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت میں اس وقت پیٹرول کی قیمت 180 روپے، بنگلہ دیش میں 174 اور چین میں 137 روپے ہے۔
