جنوبی وزیرستان:دیسی ساختہ بم پھٹنے سے ایک جوان شہید

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ ضلع جنوبی وزیرستان میں پیر کے روز دیسی ساختہ بم پھٹنے سے ایک فوجی شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے رات گئے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ آئی ای ڈی دھماکے کے بعد فائرنگ کے تبادلے کے دوران علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں میں سے ایک مارا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے ایریا کلیئرنس کے دوران ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے عثمان منزہ میں ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) پھٹ گیا۔دھماکے کے نتیجے میں کرک کے رہائشی 25 سالہ سپاہی واجد اللہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘آئی ای ڈی لگانے میں ملوث دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے فوجی دستوں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد جو بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا مارا گیا۔خیال رہے کہ حالیہ عرصوں میں ملک کے جنوبی سرحدی علاقوں میں پر تشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور رواں برس کے دوران شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے کئی واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔
26 اگست کو صوبہ بلوچستان میں منگی ڈیم کے قریب لیویز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے 3 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔22اگست کو صوبہ بلوچستان کے علاقے گچک میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک کیپٹن شہید اور دو جوان زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 20 اگست کو بلوچستان کے ضلع گوادر میں چین کے شہریوں کو لے جانے والی گاڑی کے قریب ‘خودکش دھماکے’ میں دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔18 اگست کو جنوبی وزیرستان میں پاک فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک نائب صوبیدار شہید اور ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا۔11 اور 12 اگست کی درمیانی شب جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں اور پاک فوج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہو گیا تھا۔
پاک فوج اور دہشت گردؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا تھا۔15 اگست کو بلوچستان کے ضلع لورالائی کے قریب فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید اور میجر سمیت 2 زخمی ہوگئے۔ایف سی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی جس میں 3 دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے تھے ، اس سے ایک روز قبل جنوبی وزیرستان میں مشتبہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا۔
31 جولائی کو خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع جنوبی اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملوں میں 2 فوجی جوان شہید جبکہ 9 زخمی ہوگئے تھے۔
