جنید صفدر کی شادی تقریبات کا آغاز، مہندی کی تقریب جاتی امرا میں منعقد

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
اس سلسلے میں جاتی امرا میں جنید صفدر کی مہندی کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی۔
جنید صفدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی اور ہونے والی دلہن شانزے علی روحیل کے ساتھ تصاویر شیئر کیں۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنید صفدر نے کالے رنگ کی شلوار قمیض کے ساتھ بھورے رنگ کی شال اوڑھ رکھی ہے، جبکہ شانزے علی روحیل نے خوبصورت اور دیدہ زیب رنگوں کا لہنگا زیب تن کیا ہوا ہے۔
اس کے علاوہ جوڑے کی مختلف انداز میں لی گئی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ جنید صفدر کی شادی شانزے علی روحیل سے ہو رہی ہے، جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جنید صفدر کی بارات 17 جنوری جبکہ 18 جنوری کو دعوتِ ولیمہ منعقد کی جائے گی۔
