جوا ایپ کیس: یوٹیوبر ڈکی کی ضمانت منظور، 10 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم

عدالت نے جوا ایپ پروموشن کیس میں یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی۔

پیر کے روز جسٹس شہرام سرور نے ڈکی بھائی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ ملزم کی جانب سے ایڈووکیٹ عمران چدھڑ نے دلائل پیش کیے، جس کے بعد عدالت نے دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرنے کا حکم سنا دیا۔

ڈکی بھائی کو 16 اگست کو آن لائن جوا اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق وہ بیرون ملک فرار کی کوشش کے دوران پکڑے گئے تھے، جبکہ ان پر ون ایکس بیٹ اور بائنومو جیسی غیر قانونی آن لائن بیٹنگ ایپس کو یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز پر فروغ دینے کا الزام ہے۔

مقدمے میں شہریوں کو جوا اور غیر قانونی سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم سے آئی فون 16 پرو میکس سمیت مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور ڈیٹا برآمد کیا گیا، جبکہ ان کے اثاثوں کا ریکارڈ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے طلب کیا ہے۔

ڈکی بھائی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی تحقیقات جاری ہیں۔ بعد ازاں ان کی اہلیہ نے ایف آئی اے کو شکایت کی کہ افسران نے بھاری رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔ شکایت کے بعد ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے اپنے ہی محکمے کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری سمیت چار اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔

Back to top button