جگن کاظم نے اپنے خاندان کی عزت کو بٹہ کیسے لگایا؟


معروف مارننگ شو میزبان اور اداکارہ جگن کاظم نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیرئیر کے آغاز میں ہی انہوں نے ایک آئٹم سانگ پر فحش ڈانس کر کے اپنی اور اپنے خاندان کی عزت کو بٹہ لگا دیا تھا۔ جگن نے بتایا کہ ماضی میں انہوں نے ایک پاکستانی فلم میں آئٹم سانگ کر کے ایسی سنگین غلطی کی جس پر ان کی والدہ ان سے 6 ماہ تک ناراض رہیں۔ یاد رہے مارننگ شو کی میزبان بننے سے پہلے جگن کاظم ڈراموں سمیت فلموں میں بھی کام کرتی رہی ہیں، انہوں نے 2011 میں شان شاہد کے ہمراہ ’خاموش رہو‘ نامی فلم میں کام کیا تھا، جس میں انہوں نے آئٹم سانگ پر پرفارمنس بھی کی تھی۔

جگن کاظم نے ’چھلا‘ گانے پر آئٹم سونگ پرفارمنس کی تھی، جسے تب کافی سراہا گیا تھا۔ اب انہوں نے اس گانے پر پرفارمنس کو فحش قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ایسا کرکے غلطی کی۔ جگن کاظم حال ہی میں ماریہ واسطی کے ہمراہ جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئی، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں اور انہوں نے ایک سوال کے جواب میں ماضی میں ’چھلا‘ گانے پر پرفارمنس کو اپنی غلطی قرار دیا۔

اداکارہ نے تسلیم کیا کہ اس وقت وہ شوبز میں نئی تھیں اور انہیں بہت ساری باتوں کا علم نہیں تھا اور ایک طرح سے انہوں نے ’خاموش رہو‘ میں گانے پر پرفارمنس کرکے غلطی کی تھی۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے اعتراف کیا کہ ’چھلا‘ پر پرفارمنس کرکے نہ صرف انہوں نے اپنی بلکہ اپنے خاندان کی بھی بے عزتی کروائی جب کہ ایسا کرنے پر والدہ ان سے ناراض رہیں۔جگن کاظم کے مطابق والدہ نے انہیں گانے میں پرفارمنس کرنے کے بعد 6 ماہ تک گھر میں داخل تک نہیں ہونےدیا۔

اسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ ان سے گانے کی شوٹنگ کے دوران فحش طریقے سے پرفارمنس کروائی گئی، جس وجہ سے اس سے پریشان بھی ہوئیں اور وہ شکر ادا کرتی ہیں کہ ان کی مذکورہ فلم لوگوں کی توجہ کا مرکز نہ بنی۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے ایک پنجابی فلم میں کام کیا ہے، جس میں ان سے کوئی بھی کام زبردستی نہیں کروایا گیا، انہوں نے جو کچھ کیا، اپنی مرضی سے کیا۔ جگن کاظم نے واضح کیا کہ انہیں اداکاری کرنا بہت پسند ہے اور انہیں فلموں میں کام کرنا بھی اچھا لگتا ہے مگر اب وہ کبھی آئٹم سانگ پر پرفارم نہیں کریں گی۔

Back to top button