جھوٹی میرا کا کپتان کے نام جھوٹی اپیل کا بھانڈا پھوٹ گیا

اپنے جھوٹ اور غلط بیانیوں کے لئے شہرت رکھنے والی اداکارہ میرا کا ایک اور جھوٹ بے نقاب ہو گیا۔ میرا نے امریکہ سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان کو بتایا تھا کہ وہ کرونا وائرس کی وجہ سے امریکہ میں پھنس چکی ہیں اور ایک ہوٹل میں بند ہیں جہاں ان کے پیسے ختم ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں روزانہ ہزاروں لوگ مر رہے ہیں اور وہ امریکہ میں مرنا نہیں چاہتیں لہذا ان کو ملک واپس لانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
تاہم اب فلمسٹارمیرا کے مبینہ سسر نے ہی ان کے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ میرا کسی ہوٹل میں نہیں بلکہ دو ماہ سے ان کے گھر میں رہ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا کا ہوٹل میں قیام کا دعویٰ محض ڈرامے بازی اور جھوٹ ہے۔
میرا نے 20 اپریل کے روز مبینہ طور پر نیویارک کے ایک ہوٹل سے وزیراعظم عمران خان کے نام ہاتھ جوڑ کر مدد کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ نیویارک قبرستان میں تبدیل ہورہا ہے، میرے پاس رقم ختم ہوچکی ہے، گزارہ مشکل ہوگیا ہے، ہوٹل کے کمرے میں قید ہوں۔ یہاں نہیں مرنا چاہتی لہذا مجھے وطن واپس لانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
تاہم میرا کی ویڈیو نشر ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی انکے جھوٹ کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوٹ گیا کیونکہ وہ کسی ہوٹل میں نہیں بلکہ اپنے مبینہ شوہر کیپٹن نوید کے گھر میں رہائش پذیر ہیں۔ میرا کے مبینہ سسر راجہ پرویز نے کہا ہے کہ میرا دو ماہ سے ان کے گھر میں ہی مقیم ہیں۔ راجہ پرویز کے مطابق پتہ نہیں میرا نے باہر کہاں جا کر کسی کمرے سے ویڈیو بنا کر شیئر کر دی، انہوں نے کہا کہ میرا کو ایسی ویڈیوز بنانے کی عادت ہو چکی ہے۔ وہ بے عزتی کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی، ابھی بھی گھر کے کمرے میں سو رہی ہے۔
میرا کی رحم کی اپیل پر مبنی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان کی دیگر پرانی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں جن میں وہ اپنے گھر میں باربی کیو پارٹی کرتی ہوئی، تکے کباب لگاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ ان کے مبینہ شوہر کیپٹن نوید، اداکار علی سلیم اور بعض دیگر افراد بھی موجود ہیں۔اداکارہ میرا اپنے مبینہ شوہر کے ہمراہ مختلف شوبز شخصیات سے ویڈیو کالز پر بھی رابطے میں ہیں۔ جب کہ حال ہی میں ان کی طرف سے وائٹ ہاؤس کے باہر جاگنگ کرتے ہوئے بھی ویڈیو جاری کی گئی تھی۔ اداکارہ ریشم کے مطابق 3 روز پہلے ان کی ویڈیو کانفرنس پر میرا سے بات ہوئی تھی اور اس دوران کیپٹن نوید بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
دوسری جانب نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ وہ فلم اسٹار میرا سے رابطے میں ہیں اور ان کو رہائش اور مدد ان کی خواہش کے مطابق دی جا رہی ہے، انہوں نے کہ میرا کو وطن واپسی کی فلائٹس اور قونصل سروس کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کی جا رہی ہیں اور اگر حکومت نے ان کی اپیل کے جواب میں ان کو واپس لانے کے حوالے سے کوئی احکامات جاری کیے تو ان پر بھی عمل کیا جائے گا۔
