جہانگیرترین،علیم خان گروپس کا حمزہ شہباز کی حمایت کااعلان

تحریک انصاف کے باغی جہانگیرترین اور عبدالعلیم خان گروپس نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ اپوزیشن کے وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز نے عبدالعلیم خان کے دفتر کا دورہ کیا اور ان کے گروپ کے 9 اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی، علیم خان گروپ کے میاں خالد محمود، اشرف رند، علمدار قریشی، اویس دریشک، ہارون عمران گل، عائشہ چودھری، خرم لغاری، ساجدہ یوسف نے اجلاس میں شرکت کی۔
عبدا لعلیم خان اور حمزہ شہباز کے مابین ملاقات میں نئے قائد ایوان کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران عبد العلیم خان گروپ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے حمزہ شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کیا۔
تحریک انصاف کے باغی عبدالعلیم خان گروپ نے وزارت اعلیٰ کیلئے حمزہ شہبا ز کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حمزہ شہبا زکو 9 ارکان ووٹ دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے ، فسطائی سوچ نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے،حکومت نے عوام سے کیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔
قبل ازیں لیگی رہنماحمزہ شہباز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما نعمان لنگڑیال نے وزارت اعلیٰ کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کیا۔
نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا بدقسمتی سے ڈیڑھ سال سے حکومت میں رہ کر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں، جہانگیر ترین کی بے لوث سیاسی خدمات کے باوجود ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
اس موقع پر حمزہ شہباز نے حمایت کرنے پر ترین گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان نے نیا پاکستان تو کیا بنانا تھا پرانے پاکستان کو بھی دفن کر دیا۔
انہوں نے کہا اللہ کے فضل سے ہم قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں عددی اکثریت پوری کر چکے ہیں، تمام ساتھیوں کے ساتھ مل کر پاکستان اور پنجاب کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ عمران نیازی کی طرح سرپرائز نہیں دوں گا بلکہ جس دن تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی اس دن سرپرائز دوں گا۔ پنجاب میں نون لیگ، پیپلزپارٹی، ترین گروپ، آزاد ارکان کے ساتھ ملکر حکومت بنائیں گے، آج مسئلہ وزارت اعلیٰ کا حصول نہیں، کرپٹ حکومت کا خاتمہ ہے۔ 4 سال میں عوام کیساتھ دھوکا اور فراڈ کیا گیا، آج لوگوں کے گھروں میں بھوک ہے، انشا اللہ پنجاب میں مسلم لیگ ن حکومت بنائے گی۔

Back to top button