جہانگیر ترین نے اراکین اسمبلی کو عشائیے پر مدعو کرلیا

تحریک انصاف کے رہنما اور چینی اسکینڈل میں نامزد ملزم جہانگیر ترین نے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کو عشایئے کی دعوت دے دی۔
جہانگیر ترین سے ہمدری رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ان کا بھرپور طریقے سے ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کے حامی اراکین نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ ہر طرح کی صورت حال میں کھڑے ہونے کےلیے تیار ہیں اور انصاف کے حصول کےلیے آواز بلند کریں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جہانگیر ترین کی جانب سے دیئے گئے ناشتے کی دعوت میں بہت کم وقت کے باوجود بھی 3 ارکان قومی اور 15 ارکان صوبائی اسمبلی شریک ہوئے تھے، جب کہ جہانگیر ترین نے آج رات ایک عشائیہ بھی دے رکھا ہے جس میں ارکان کو دعوت دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کے آج کے عشائیہ میں 30 سے 35 ارکان اسمبلی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی شرکت کا امکان ہے، جن کو وہ اپنے کیس کے حوالے سے حقائق سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اپنی ہی حکومت میں خود پر لگے چینی کے حوالے سے الزامات پر نالاں ہیں، اور اپنے بیانات میں کہتے آرہے ہیں کہ میں تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہا ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button