جی ڈی پی کی گروتھ 7 فیصد ہوگی تو غریب فائدہ اٹھائے گا

وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ جی ڈی پی گروتھ 5 سے 7 فیصد ہوگی تو ہی غریب فائدہ حاصل کر سکیں گے ، جب ہم مستحکم گروتھ پر پہنچ جائیں گے تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی ، وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح نچلے طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
شوکت ترین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو 35 سال سے جانتا ہوں ، ان سے زیادہ ایماندار آدمی نہیں دیکھا میں نے ، مجھے یقین ہے وزیراعظم عمران خان ملک کو ٹھیک کریں گے ، 9 سال تک نیب عدالتوں کا سامنا کیا اور اپنے کیسز جیتے ہیں۔
وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ آج ہم ایشیا کی پہلی 25 منڈیوں میں بھی شامل نہیں ہیں ، ٹیکس اکٹھا نہیں ہورہا ہے ، ایکسپورٹ میں مسائل ہی مسائل درپیش ہیں ، ایکسپورٹ نہیں ہوں گی تو ڈالر کیسے آئیں گے؟ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کرنے میں مصروف ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ جیسے قومی خزانے کی گروتھ شروع ہوتی ہے تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ جاتا ہے ، پاور سیکٹر کے شعبے میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے ، جب گروتھ 5 سے 7 فیصد تک پہنچے گی تو غریب عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ہمارا مقصد نچلے طبقے کو ریلیف دینا ہے ، احساس پروگرام غریب لوگوں کیلئے ایک مکمل پیکج ہے ، مستحکم گروتھ ہوگی تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے اس پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پا کر معاشی ترقی کو مستحکم بنائیں گے ، کرونا کے باوجود جی ڈی پی گروتھ 4فیصد تک پہنچ چکی ہے باقی چیلنجز پر بھی قابو پا سکتے ہیں۔
