حافظ نعیم کا سندھ اسمبلی کی سیٹ چھوڑنے کا اعلان

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر سندھ اسمبلی کی جیتی ہوئی سیٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا بلدیاتی الیکشن سے زیادہ لوگوں نے اس بار جماعت اسلامی کو ووٹ ڈالے، ووٹ یا تو جماعت اسلامی کو پڑے یا پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو پڑے، جو کچھ پورے ملک میں ہو رہا ہے وہ تماشے سے زیادہ کچھ نہیں ہے، یہ ڈنڈے اور زبردستی کا مینڈیٹ ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا ہمیں خیرات کی سیٹ نہیں چاہیے، الیکشن کمیشن کے فارم 47 کے مطابق مجھے 26 ہزار ووٹ ملے لیکن فارم 45 کے مطابق مجھے 30464 ووٹ ملے، تحریک انصاف کو زیادہ ووٹ ملے ہیں، ہم ان کے مینڈیٹ کو قبول کرتے ہیں، ہم تحریک انصاف کی جیت کو تسلیم کرتے ہیں، ایم کیو ایم ایک کونسلر کی نشست بھی نہیں جیت سکتی۔
ان کا کہنا تھا میں اتنا ظرف رکھتا ہوں کہ اعلان کرتا ہوں کہ پی ایس 129 پر آزاد امیدوار جیتا ہے، میں پی ایس 129 کی نشست سے دستبردار ہوتا ہوں، ہمیں ایک ووٹ بھی اضافی نہیں چاہیے اور اپنا ایک ووٹ بھی کسی کو دینے کو تیار نہیں ہیں۔

Back to top button