حریم شاہ نے ترکی میں اپنے گرفتار ہونے کی تردید کر دی


ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے 15 جولائی کو ترکی میں سونا اور کرنسی سمگل کرتے ہوئے ائیرپورٹ پر گرفتاری کی خبر کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ ترکی میں فلمائی گئی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے لیکن یہ تصدیق نہیں ہو پائی کہ آیا یہ ویڈیو ان کی مبینہ گرفتاری سے پہلے کی ہے یا بعد کی؟

یاد رہے کہ گزشتہ روز جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو اردو اور سما ٹی وی سمیت دیگر نشریاتی اداروں نے حریم کی گرفتاری کی خبریں چلائی تھیں۔ نشریاتی اداروں نے ذرائع سے خبریں دیتے ہوئے بتایا تھا کہ حریم شاہ کو ترکی سے خلیجی ملک عمان جانے سے قبل ایئرپورٹ پر بھاری سونے اور غیر ملکی کرنسی ہونے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا۔ اگرچہ حریم کے اہل خانہ نے ان خبروں کی تردید کردی تھی، تاہم اب ٹک ٹاک اسٹار نے اپنے اکاونٹ سے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے میڈیا کی جانب سے غلط خبریں نشر کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

لیکن یہ معلوم نہیں ہو پایا کی حریم شاہ اور ان کے شوہر نے گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہائی پا کر ویڈیو جاری کی ہے یا کوئی اور چکر ہے۔ حریم شاہ کی جاری کردہ ویڈیو کی بیک گراؤنڈ میں ایک گانا چل رہا ہے لہذا یہ نہیں کہا جاسکتا کہ ویڈیو کب بنی تھی۔ ویسے بھی حریم ویڈیو میں اپنی گرفتاری کے حوالے سے کوئی بات نہیں کر رہیں۔

لیکن حریم شاہ نے ایک پیغام میں میڈیا پر اپنی گرفتاری کی خبریں نشر کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ میڈیا نے کسی تصدیق کے بغیر جھوٹی خبر کو آگے بڑھایا۔ حریم شاہ نے میڈیا کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گرفتاری سے متعلق ہر طرح کی خبریں جھوٹی ہیں، انہیں نہ تو گرفتار کیا گیا اور نہ ہی کوئی ایسا واقعہ ہوا۔ ٹک ٹاکر نے بتایا کہ وہ بیرون ملک مقیم ہیں اور وہ ایسے چھوٹے چھوٹے مسائل اور جھوٹی خبروں کی وجہ سے پاکستان نہیں آ سکتیں، وہاں ان کا قانونی ترجمان منیر احمد موجود ہے جو ان کے تمام معاملات دیکھ رہے ہوتے ہیں۔

انہوں نے اور ان کے شوہر نے بتایا کہ ان کے وکیل ان کی گرفتاری سے متعلق جھوٹی خبریں نشر کرنے کے معاملے پر بھی قانونی چارہ جوئی کا سوچیں گے جب کہ وہ اس سے قبل ان کے تمام قانونی معاملات کو عدالتوں میں دیکھتے رہے ہیں۔ دونوں میاں اور بیوی نے اپنی گرفتاری سے متعلق جھوٹی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا اور صحافیوں سے گزارش کی کہ وہ ان سے متعلق ایسی کوئی بھی خبر نشر کرنے سے قبل ان سے تصدیق کریں تو بہتر ہوگا۔

خیال رہے کہ حریم شاہ گزشتہ برس سے بیرون ملک ہیں اور وہ ترکی کے علاوہ برطانیہ، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک کے دوران سفر کرتی رہتی ہیں۔ پاکستان میں بھی ان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اسمگلنگ کیس کی تفتیش جاری کر رکھی ہے اور وہ پاکستان میں بھی منی لانڈرنگ اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کے کیسز میں مطلوب ہیں، تاہم انہوں نے اپنے خلاف دائر کیسز پر سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔

Back to top button