حریم شاہ کا مغوی شوہر 8 دن بعد کیسے بازیاب ہوا؟

متنازع ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ آخر کارگھر واپس پہنچ گئے۔ بلال شاہ کی والدہ شہزادی بیگم کے بعد حریم شاہ نے بھی بلال کے گھر پہنچنے کی تصدیق کر دی ہے، بلال شاہ کی والدہ شہزادی بیگم کا کہنا ہے کہ بلال شاہ چند روز قبل لاپتہ ہوئے تھے، تاہم 4ستمبر کی رات 12 بجے گھر پہنچ گئے ہیں۔ والدہ کا کہنا تھا کہ بلال نے واپس آنے کے بعد اب تک کچھ نہیں بتایا کہ وہ کہاں تھا؟
دوسری جانب حریم شاہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے شوہر تقریباً 8 دن بعد باحفاظت واپس گھر آگئے۔انہوں نے 5 ستمبر کی دوپہر کو اپنی ٹوئٹ میں شوہر کے ہمراہ پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی واپسی کی تصدیق کی۔حریم شاہ نے مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کے شوہر بلال شاہ 5 ستمبر کی صبح کو گھر واپس آئے۔
اس سے قبل 4 ستمبر کو انہوں نے اپنی ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ ان کے شوہر کو سندھ کے دارالحکومت کراچی سے سادہ لباس افراد اغوا کرکے لے گئے۔انہوں نے شوہر کے اغوا سے متعلق مختصر ویڈیو بھی جاری کی تھی، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے شوہر کے اغوا کو 7 دن گزر چکے ہیں۔
انہوں نے مختصر ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے وہ اور بلال شاہ کا خاندان ان کی بازیابی کے لیے قانونی کوششیں کر رہے تھے، لیکن ایسی کوششوں میں کوئی کامیاب نہ مل سکی۔ٹک ٹاکر نے ویڈیو میں بتایا کہ بلال شاہ ان کے ہمراہ برطانوی دارالحکومت لندن میں مقیم تھے لیکن ایک ہفتہ قبل انہیں کسی کام کے سلسلے میں پاکستان جانا پڑا، جہاں انہیں سندھ کے دارالحکومت کراچی سے گھر کے باہر سے سادہ لباس میں ملبوس کچھ افراد گاڑیوں پر اغوا کر کے لے گئے۔انہوں نے بتایا کہ بلال شاہ کے اغوا کی شکایت متعلقہ پولیس تھانے میں بھی دے دی گئی جب کہ انہوں نے ذاتی طور پر متعدد اداروں سے بھی رابطہ کیا، لیکن انہیں ان کے اغوا ہونے والے شوہر کا پتا نہ چل سکا۔
بعد ازاں حریم شاہ نے اپنے شوہر بلال شاہ کے اغوا میں مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیاتھا۔ حریم شاہ نے ”ایکس“ پر شئیر کی گئی ایک پوسٹ میں الزام عائد کیا تھا کہ ’میرے شوہر بلال کو مریم نواز کے کہنے پر کراچی سے اغوا کیا گیا ہے۔‘ اُنہوں نے درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ ’آئی ایس آئی سے اپیل کرتی ہوں بلال کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔‘
اس کے بعد انہوں نے سیاست پی کے کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر بلال شاہ کو ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی سے اغوا نہیں کیا گیا بلکہ دوسری جگہ سے اغوا کیا گیا، جہاں سی سی ٹی وی کیمرا نہیں تھے لیکن وہاں موجود بعض افراد نے ویڈیو بنالی تھی۔انہوں نے انٹرویو میں بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے شوہر کے اغوا کے بعد متعلقہ تھانے سے رابطہ کیا اور وہاں کےایس ایچ او انہیں ایک ہفتے تک جھوٹی تسلیاں دیتے رہے۔حریم شاہ نے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ایس ایچ او نے انہیں شوہر کے اغوا کا معاملہ میڈیا میں اٹھانے سے روکا تھا اور انہوں نے اسی لیے ایک ہفتے تک صبر کیا اور پھر انہوں نے ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی۔ٹک ٹاکر نے بتایا تھا کہ انہوں نے شوہر کے اغوا کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) سے بھی رابطہ کیا لیکن انہیں کوئی کامیاب نہ مل سکی۔حریم شاہ نے مذکورہ انٹرویو کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ انٹرویو کے چند گھنٹوں بعد ہی ان کے شوہر باحفاظت گھر واپس آگئے۔انہوں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی کہ ان کے شوہر کو کون اغوا کرکے لے گیا تھا اور ان کی واپسی کیسے ممکن ہوئی؟
