حریم شاہ کی کپتان کے مقابل حلیمہ کا کردار نبھانے کی آرزو

ترکش ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کا جادو معروف ٹکا ٹاک سٹار حریم شاہ کے سر کو بھی چڑھ گیا ہے جسکے بعد اس نے ڈرامے میں خود حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے اور اپنے مد مقابل وزیر اعظم عمران خان کو ارطغرل غازی کا کردار دینے کی معصوم خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔
ایسا لگتا ہے ڈرامہ ارطغرل نے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر اپنا سحر طاری کر دیا ہے۔ جہاں ایک طرف مسلم لیگ ن کی طرف سے مریم نواز شریف کے کردار کو ارطغرل غازی کے کردار کے مماثل قرار دیا جا رہا ہے وہیں تحریک انصاف کی طرف سے عمران خان کو ارطغرل ثانی کے لقب سے نوازا جا رہا ہے۔ اسی دوران حریم شاہ نے ڈرامہ میں کپتان عمران خان کے مقابل حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔ لیکن کسی نے سچ کہا ہے کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے۔ ڈرامہ ارطغرل میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے حریم شاہ کا کہنا ہے کہ حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی ترکش اداکارہ نے بہت اچھی اداکاری کی ہے۔ان کی اداکاری کچھ ایسی ہے کہ اسے دیکھتے ہوئے میں بھی اُسی دور میں چلی جاتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ اس ڈرامے کی ری میک بنے جس میں بطور حلیمہ میں کردار ادا کروں جبکہ میرے مقابل ارطغرل کا کردار وزیر اعظم عمران خان ادا کریں کیونکہ ان میں نہ صرف ارطغرل کی تمام خصوصیات پائی جاتی ہیں بلکہ ان پر یہ کردار بہت فٹ بیٹھے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستان میں اس طرح کا کوئی ڈرامہ بنا اور انھیں آفر کی گئی تو وہ وزیر اعظم عمران خان کے مقابل بغیر کسی معاوضے کے اداکاری کرنے کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ اسلامی فتوحات پر مبنی ترکی ڈرامہ دیریلیش ارطغرل نے پاکستان میں نشر ہونے کے ساتھ ہی مقبولیت کی بلندیوں کو چھو لیا ہے۔ ارطغرل غازی کی پہلی قسط 25 اپریل کو نشر ہوئی اور 14 مئی کی رات تک یو ٹیوب پر 2 کروڑ 22 لاکھ 62 ہزار بار دیکھا جا چکا ہے، مجموعی قسطوں کو 15 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا۔ ترکی ریڈیو اور ٹیلی ویڑن کارپوریشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پہلی رمضان سے روزانہ نشر کیا جانے یہ ڈرامہ ہر گزرتے دن کے ساتھ نیا ریکارڈ بنا رہا ہے۔ اس ڈرامے کی پہلی قسط کو ٹی آر ٹٰی پر5 سالوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ بار دیکھا گیا جبکہ پاکستانی یوٹیوب چینل پر پہلی قسط کو صرف تین ہفتوں میں 2 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
