حزب اللہ کا اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ذاتی رہائش گاہ پر ڈرون حملے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کےمطابق غیر مصدقہ اطلاعات سے معلوم ہوا ہےکہ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے شہر قیصریہ میں فائر کیےگئے راکٹ میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی ذاتی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹس کےمطابق حملے کے وقت اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور ان کا خاندان قیصریہ میں موجود نہیں تھا، حملے میں کسی جان نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
اسرائیلی فوج نے بتایاکہ اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونےوالے 2 مزید ڈرونز کو تباہ کردیا گیا ہے۔
حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف جنگ کے اگلے مرحلے کا اعلان کردیا
یہ پیش رفت ایسےوقت میں سامنے آئی ہےکہ جب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھاکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے امکان کو روکا جا سکتا ہے اور میرے خیال میں لبنان میں جنگ بندی کےلیے کام کیا جا سکتا ہے تاہم غزہ میں جنگ بندی انتہائی مشکل ہوگی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق برلن کےدورے کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جو بائیڈن نےکہا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور ایران کے تنازعات کو کچھ عرصے کےلیے ختم کیا جا سکتا ہے اور اس کےلیے دونوں ممالک سے دوسرے طریقے سے نمٹنے کے مواقع موجود ہیں۔
یاد رہےکہ 17 اکتوبر کو اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کا دعویٰ کرتےہوئے کہا تھاکہ ابھی ہمارا مشن ختم نہیں ہوا ہے، ہمیں مغویوں کو لازمی طور پر بازیاب کرانا ہے۔
حماس کے سابق سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کی ایران میں کیےگئے مبینہ اسرائیلی حملے میں شہادت کےبعد یحییٰ سنوار کو 6 اگست 2024 کو حماس کا سیاسی سربراہ مقرر کیاگیا تھا۔
حماس کے سیاسی دفتر کےسابق سربراہ اسماعیل ہنیہ 31 جولائی 2024 کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی بم حملے میں شہید ہو گئے تھے۔
اسماعیل ہنیہ کو نومنتخب ایرانی صدر کو تقریب حلف برداری کےلیے تہران مدعو کیا گیا تھا جہاں ایک عمارت میں اسرائیل کی جانب سے نصب کیےگئے بم کے ذریعے اسماعیل ہنیہ کو نشانہ بنایاگیا تھا۔
