حنا الطاف اور آغا علی اپنی شادی کا وعدہ آشکار کر کے پھنس گئے

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے معروف اداکار آغا علی اور اداکارہ حنا الطاف اس وقت سخت مشکل میں پھنس گئے جب دونوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں شادی سے پہلے ایک دوسرے کے ساتھ کیے جانے والے وعدے سے پردہ اٹھا دیا۔
اکثر جوڑے شادی سے پہلے ایک دوسرے سے عہد و پیمان کرتے ہیں جن کا پاس رکھنا لازمی ہوتا ہے۔ کچھ ایسے ہی عہد و پیمان حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے شوبز جوڑے آغا علی اور حنا الطاف نے بھی کیے لیکن اس وقت دونوں مشکل میں پھنس گئے جب انہوں نے ان وعدوں سے متعلق ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کی۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں آغا علی اور حنا الطاف نے اپنے کیریئر سمیت اپنی نجی زندگی سے متعلق کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ دونوں کو کب ایک دوسرے سے محبت ہوئی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 2019 میں ڈرامہ ‘دل گمشدہ’ کی شوٹنگ کے دوران دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہوئی اور پھر انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں آغا علی نے بتایا کہ انہیں حنا الطاف میک اپ کے بغیر اچھی لگتی ہیں جبکہ حنا الطاف کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے شوہر کی آنکھیں، بال اور آواز بہت پسند ہے۔ انٹرویو کے دوران دونوں نے اعتراف کیا کہ شادی جلد سے جلد کرنے کا دونوں کا متفقہ فیصلہ تھا تاہم سب سے زیادہ جلدی آغا علی کی والدہ کو تھیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں آغا علی نے انکشاف کیا کہ حنا الطاف روزانہ انہیں خوبصورت بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز بھیجتی ہیں اور شاید وہ اس عمل کے ذریعے انہیں کچھ پیغام دینا چاہتی ہیں۔ آغا علی اور حنا الطاف نے تسلیم کیا کہ بچوں کے ساتھ ہی خاندان مکمل ہوتا ہے۔ حنا الطاف نے انکشاف کیا کہ آغاعلی نے شادی سے قبل انہیں کسی موٹی خاتون کی تصویر دکھائی اور کہا کہ اگر وہ اس جتنی موٹی ہوتیں تو وہ ان سے شادی نہیں کرتے۔ تاہم حنا الطاف کی بات کے دوران آغا علی نے مداخلت کی اوردعویٰ کیا کہ انہوں نے یہ نہیں بلکہ کچھ اور کہا تھا۔ آغا علی نے کہا کہ انہوں نے شادی سے قبل حنا سے صرف ایک ہی وعدہ لیا تھا، جس پر اداکار نے ہنستے ہوئے اہلیہ کو پوچھا کی آپکو یاد ہے کہ وہ کیا وعدہ تھا، آپ بتائیں۔ اس پر حنا الطاف نے ہنستے ہوئے کہا کہ شادی سے قبل آغا نے ان سے وعدہ لیا تھا کہ وہ کبھی موٹی نہیں ہوں گی۔ حنا الطاف نے ہنستے ہوئے بتایا کہ اب جیسے ہی وہ کھانا کھانے کے لیے بیٹھتی ہیں تو آغا علی آہستہ سے انہیں موٹا نہ ہونے کا وعدہ یاد دلاتے ہیں۔
آغا علی نے بتایا کہ حنا الطاف نے بھی ان سے ایسا ہی وعدہ لیا تھا کہ وہ بھی وزن نہیں بڑھائیں گے۔ لیکن دونوں کی جانب سے وزن پر بات کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد اداکار نے اہلیہ سے وزن نہ بڑھانے کے وعدے سے متعلق انسٹاگرام پوسٹ پر وضاحت بھی کی۔ آغا علی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں وضاحت کی کہ انہوں نے حنا الطاف سے غیر ضروری وزن نہ بڑھانے کا اس لیے کہا تھا کیوںکہ وہ ایک اداکارہ ہیں۔ آغا علی نے انکشاف کیا کہ کوئی بھی پروڈیوسر، ڈائریکٹر یا ڈرامہ لکھاری اضافی وزن والی ہیروئن کو پسند نہیں کرتا۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنی پوسٹ میں انکشاف کیا کہ حنا الطاف پہلے بھی موٹی تھیں، تاہم انہوں سخت محنت کرکے اپنا وزن کم کیا۔ آغا علی نےاپنی ایک اور انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے اضافی وزن ہونے سے متعلق اعتراف کیا اور بتایا کہ جب ان کا وزن زیادہ ہوگیا تھا تو انہیں لوگ نظر انداز کر رہے تھے۔ آغا علی نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیوی سے صرف اضافی وزن نہ بڑھانے کا وعدہ لیا تھا اور انہوں نے موٹے لوگوں کے حوالے سے کوئی منفی بات نہیں کی۔
