حنا الطاف اور آغا علی کی طلاق کی خبر میں کتنا سچ ہے؟
2006 میں بطور ٹی وی اینکر شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے والے اداکار آغا علی خان نے اہلیہ سے تعلقات خراب ہونے اور طلاق کی افواہوں پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ جانے کیوں لوگ ایسی خبروں کے انتظار میں رہتے ہیں کہ کب کس جوڑے کی علیحدگی ہو رہی ہے۔ اپنی اداکار اہلیہ حنا الطاف کے ہمراہ ندا یاسر کے ٹی وی شو میں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت شادی کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر کھل کر باتیں کیں، آغا علی نے بتایا کہ شادی کے کچھ ماہ بعد انہیں تھوڑی مشکلات ضرور پیش آئیں مگر دونوں نے گھر کے معاملات درست کر لیے۔
آغا علی نے وضاحت کی کہ چونکہ دونوں اداکار ہیں اور شوٹنگ کی وجہ سے کبھی اہلیہ گھر دیر سے آتی تھیں تو کبھی وہ خود دیر سے آتے تھے، اس لیے بہت ساری چیزیں وقت پر نہیں ہو پاتی تھیں، جس کے باعث انہیں مشکلات پیش آئیں۔آغا علی نے بتایا کہ اس صورت حال کے بعد دونوں نے ایک ساتھ بیٹھ کر منصوبہ بندی کی اور اب انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوتی، دونوں نے بتایا کہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے وہ کبھی کبھار ہی ایک ساتھ کسی تقریب میں شرکت کر پاتے ہیں۔ پروگرام کے ایک سیگمنٹ کے دوران بچوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر دونوں نے بتایا کہ ان کا فی الحال بچے پیدا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم دونوں کی خواہش ہے کہ ان کے ہاں پہلے بیٹی پیدا ہو، حنا الطاف نے بتایا کہ بچوں کی پیدائش کا معاملہ ان کے ہاتھ میں نہیں، جو خدا کو منظور ہوتا ہے، وہی ہوتا ہے۔
میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر دونوں نے بتایا کہ وہ مصروفیات کی وجہ سے کبھی کسی تقریب میں اکٹھے شرکت نہیں کر پاتے تو لوگ ان کی طلاق کی افواہیں اڑانا شروع کر دیتے ہیں۔ آغا علی نے تقریبات میں تنہا شرکت کرنے پر سوشل میڈیا پر اپنی علیحدگی کے حوالے سے پھیلائی گئی افواہوں پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ نہ جانے کیوں لوگ ایسی خبروں کے انتظار میں رہتے ہیں کہ کب کون سا جوڑا الگ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو شوبز جوڑوں کے درمیان اختلافات کی خبر ڈھونڈنے کی بجائے ان کی کامیاب ازدواجی زندگیوں کے لیے دعا کرنی چاہیے۔ یاد رہے کہ شوبز کی اس مقبول جوڑی نے مئی 2020 میں شادی کی تھی، اس سے قبل وہ کچھ عرصے تک تعلقات میں رہے تھے۔ شادی کے ایک سال بعد حنا الطاف نے انسٹا گرام پر جب آغا علی کو ان فالو کیا تھا تو ان کے درمیان علیحدگی اور اختلافات کی افواہیں پھیل گئی تھیں، مگر بعد ازاں دونوں کو ’دی کپل شو‘ میں ایک ساتھ میزبانی کرتے دیکھا گیا تو ان کی علیحدگی کی افواہوں نے دم توڑ دیا۔