حکومتی نااہلی کے باعث متاثرہ افراد کو بروقت ریسکیو نہیں کیاگیا،انجمن تاجران سندھ

انجمن تاجران سندھ کے صدر جاوید قریشی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی کے باعث متاثرہ افراد کو بروقت ریسکیو نہیں کیا جا سکا۔

 جاوید قریشی کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کے واقعے میں تاجروں کو بھاری مالی اور جانی نقصان اٹھانا پڑا، تاہم اس کے باوجود الزامات بھی تاجروں پر ہی عائد کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ واضح ناکامی ہے کہ 34 گھنٹے گزرنے کے باوجود ریسکیو آپریشن مکمل نہ ہو سکا، حکومت کو اپنی ناکامی تسلیم کرنی چاہیے۔

صدر انجمن تاجران سندھ کے مطابق مینٹیننس کی مد میں وصول کی جانے والی رقم چوکیداری نظام، عمارت کی دیکھ بھال اور جنریٹر کے ڈیزل پر خرچ کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کے بیسمنٹ میں ابتدا میں پارکنگ قائم تھی، جسے بعد میں دکانوں میں تبدیل کر دیا گیا، جبکہ اجازت بیسمنٹ سمیت گراؤنڈ پلس ون تک ہی تھی، تاہم وقت کے ساتھ توسیع ہوتی رہی۔

جاوید قریشی نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ گل پلازہ میں کی گئی تمام توسیعات قانونی طریقۂ کار کے تحت کی گئیں۔

Back to top button