حکومت نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کا فیصلہ کر لیا

حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کا فیصلہ کر لیا ہے

باخبر ذرائع کے مطابق حکومت اور اتحادیوں کے درمیان اس بات پر اتفاق ہو گیا ہے کہ اگر تحریک انصاف قانونی حدود میں رہتے ہوئے لانگ مارچ کرتی ہے تو کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی نہیں کی جائے گی،اگر تحریک انصاف نے امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کی کوشش کی تو پھر قانونی طریقے سے نمٹا جائے گا۔

ادھر ذرائع کےمطابق ریڈ زون کو کنٹینر لگا کر سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ڈی چوک کو پہلے ہی کنٹینر رکھ کر سیل کیا جاچکا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا ریڈ زون جانے والے دیگر تمام راستوں کو بھی آج رات سیل کردیا جائے گا تاہم ریڈزون جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کو کھلا چھوڑا جائے گا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں استدعا کی گئی ہےکہ اسلام آبادہائیکورٹ انتظامیہ اور پولیس کوگرفتاریوں اور راستوں کی بندش سے روکے۔درخواست میں کہا گیا ہےشہریوں کو پرامن احتجاج ریکارڈ کروانے کا حق بھی دستورِپاکستان ہی دیتا ہے، پرامن احتجاج روکنے سے حکومت کو باز رکھا جائے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے جب کہ حکومت نے مشکل فیصلے لینے اور اپنی مدت پوری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Back to top button