حکومت کاعمران خان کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
طارق فضل چودھری کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے پیش نظر ان کو ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اپنے بیٹوں سے بات کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ حکومت انسانی ہمدردی اور قانونی تقاضوں کو مقدم رکھتی ہے، ہر قیدی کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے بانی بی ٹی آئی عمران خان کیلئے 2 ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل پینل تشکیل دے دیا۔میڈیکل پینل میں ڈاکٹر امجد اور ڈاکٹرندیم قریشی شامل ہیں۔
اس سے قبل وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی آنکھ کے جاری علاج کے تسلسل میں مزید معائنہ کیا جائے گا۔
اپنی ٹوئٹ میں عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کا ماہرینِ امراضِ چشم ایک خصوصی طبی ادارے میں علاج کریں گے اور ان کے علاج اور معائنے کی تفصیلی رپورٹ بھی سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے معاملے پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
