خاور مانیکا پر تشدد، پی ٹی آئی وکلا کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا پر اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں حملے کا تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ ضلعی عدالت کے سکیورٹی انچارج کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں پی ٹی آئی کے وکلا نعیم حیدر پنجوتھہ، علی اعجاز بٹر، زاہد بشیر ڈار، عثمان گِل سمیت 6 وکلاء اور 20 سے 25 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں دہشت گردی، کار سرکار میں مداخلت سمیت 10 سنگین دفعات بھی شامل کی گئی ہیں ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے احاطے میں تحریک انصاف کے وکلا کی جانب سے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا پر حملہ کیا گیا تھا۔
مقدمے کے متن کے مطابق گزشتہ روز سماعت کے دوران وکلاء اور پرائیویٹ افراد نے احاطہ عدالت میں ہلڑ بازی کی، مجمع کی قیادت ایڈووکیٹ برکی کر رہے تھے، ایڈووکیٹ برکی نے خاور مانیکا کو للکارا کہ آج اس کو زندہ نہیں چھوڑنا، ایڈوکیٹ برکی نے خاور مانیکا کو دھکا مارا اور نعیم پنجوتھا نے مکوں سے حملہ کیا، نعیم حیدر پنجوتھہ اور علی اعجاز بٹر نے خاور مانیکا پر حملہ کیا تو وہ زمین پر گر گئے۔ پی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے پولیس اہلکار سے اسلحہ چھین کر چلانے کی کوشش بھی کی گئی اور پولیس نے بہت مشکل سے اسلحہ واپس لیا اور پی ٹی آئی وکلا نے پولیس اہلکاروں کو بھی زد و کوب کیا۔
