خلیل الرحمان قمر کا ’ارطغرل غازی‘ کی طرز پر ڈرامہ تحریر کریں گے

معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے اعلان کیا ہے کہ وہ مشہور ترک ڈرامے’ارطغرل غازی‘ کی طرز پر کہانی لکھنے جارہے ہیں۔
پاکستان کو متعدد کامیاب سیریلز دینے والے مصنف خلیل الرحمان قمر نے حال ہی میں ایک ٹاک شو کے دوران کہا ہے کہ وہ ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ کو پاکستان میں بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کےلیے انہوں نے اس کی کہانی بھی لکھنی شروع کردی ہے۔
ترک مسلمانوں کی تیرہویں صدی میں اسلامی فتوحات پر مبنی ترک ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردئیے ہیں۔ اس ڈرامے کو نہ صرف یوٹیوب پر لوگ بے حد پسند کررہے ہیں بلکہ یہ ٹوئٹر اور یوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے اور پاکستانی سوشل میڈیا تو اس ڈرامے کے کردار و مکالموں سے بھرا پڑا ہے۔
’ارطغرل غازی‘کو محض دو ہفتوں میں پاکستان میں اتنی زیادہ مقبولیت ملی ہے جتنی کہ ترکی میں 5 سال میں بھی نہیں ملی تھی۔ پاکستان میں اس ڈرامے کی روز بروز بڑھتی مقبولیت کے پیش نظر نجی ٹی وی چینل کی اینکر نے اپنے ٹاک شو میں خلیل الرحمان قمر کو مدعو کیا اور ان سے پوچھا کہ کیا آپ ارطغرل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس طرح کی کہانی پر کام کرنے کا سوچ رہے ہیں؟ جس پر خلیل الرحمان قمر نے کہا بالکل میں سوچ رہا ہوں اور 3 روز قبل میں نے ہمایوں سعید سے اس موضوع پر بات بھی کی تھی جس کے بعد ہم نے ارطغرل کی طرح کے پراجیکٹ پر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔
خلیل الرحمان قمر نے مزید کہا ہماری حدود بہت ہیں اور ہمیں اس طرح کا طعنہ اس لیے نہیں دیا جاسکتا کہ ہمارے پاس صرف وسائل کا پرابلم ہے ورنہ ہمارے پاس بہترین اداکار و ہدایت کار اور بہترین دیکھنے والے موجود ہیں۔ خلیل الرحمان کی اس بات پر شو کی میزبان نے کہا خلیل صاحب آپ اس وقت یہ خبر دے کر کہ آپ ’ارطغرل‘ کی طرح کے پراجیکٹ پر کام کرنے کا سوچ رہے ہیں پاکستانیوں کو خوشخبری دے رہے ہیں۔ میزبان کی اس بات پر خلیل الرحمان نے کہا میں صرف سوچ نہیں رہا بلکہ میں اس پراجیکٹ کو کل سے لکھنا شروع کررہا ہوں۔
خیال رہے کہ ’ارطغرل غازی‘کی پاکستان میں غیر معمولی مقبولیت سے ترک ٹی وی چینل ترکش ریڈیو ٹی وی (ٹی آرٹی) میں ڈیجیٹل ترکش ریڈیو اور ٹی وی کے ڈائریکٹر ریاض منٹی بھی حیران ہیں اور انہوں نے اس چینل کو ایک ماہ میں سب سے زیادہ سبسکرائب کیے جانے والا چینل بنانے کی درخواست کی ہے۔
