خواتین کو شادی کے 10 سال کامیابی سے کیوں گزارنے چاہئیں؟

معروف اداکارہ روبینہ اشرف نے قرار دیا ہے کہ خواتین کو شادی کے بعد پہلے دس سال انتہائی محنت اور کامیابی سے گزارنے چاہئیں کیونکہ اس دوران ان کی سرمایہ کاری کا دورانیہ ہوتا ہے جس کا پھل دس سال بعد ملنا شروع ہوتا ہے۔حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں اداکارہ روبینہ اشرف کے ہمراہ فوضیہ مشتاق، عصمت اقبال موجود تھیں، پروگرام کے دوران بچوں کی تعلیم و تربیت اور پرورش کرنے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی، اس دوران روبینہ اشرف نے اپنے تجربات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح بچوں کی زندگی میں مختلف پہلو آتے ہیں اسی طرح ماؤں کی زندگی میں بھی مختلف پہلو آتے ہیں، ماں بننے کے بعد میں بہت غصے میں رہتی تھی تاہم اب میں جب پرانے وقتوں کو یاد کرتی ہوں تو سوچتی ہوکہ میں غلط تھی، مجھے مزاج کو نرم رکھنا چاہئے تھا، نئی شادی ہونے کے بعد سب کچھ نیا لگتا ہے، ہر چیز کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے، بچوں کے علاوہ میری توجہ گھر، فیملی اور اپنا کام تھا۔اداکارہ نے مزید کہا کہ شادی کے بعد 2 سال ورک اِن پروگرس (work in progress) ہوتی ہے، شادی کے بعد ایک ماں کی توجہ گھر، سسرال، شوہر اور بچے ہوتے ہیں، شادی کے پہلے 10 سال سرکاری کاری کے ہوتے ہیں، سننے میں یہ زیادہ لگتے ہیں لیکن گزارنے میں زیادہ نہیں لگتے ہیں، کسی بھی لڑکی کیلئے شادی کے پہلے 10 سال مسلسل محنت اور کامیابی سے گزارنا آپ کی انویسٹمنٹ ہے جس کے بعد آپ کو اس کا پھل ملنا شروع ہوجاتا ہے، اس دوران اداکارہ کی بات پر ندا یاسر نے بھی اتفاق کیا۔روبینہ اشرف کے بیان پر سوشل میڈیا پر صارفین نے بھی ملا جلا ردعمل کا اظہار کیا، کچھ صارفین نے اداکارہ کی بات سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ ہر عورت کی شادی شدہ زندگی خوشگوار نہیں ہوتی، کامیاب شادی کے لیے صرف عورت نہیں بلکہ مرد کو بھی کوشش کرنی ہوتی ہے۔ ایک اور صارف نے کہا کہ جن مردوں کو رشتے کی قدر اور کامیاب شادی کی خواہش ہوتی ہے تو وہ 10سال کے اندر ہی کر لیتے ہیں ورنہ ایسے مرد 10 سال بعد بھی کچھ نہیں کرتے۔یاد رہے کہ شادی کے بعد ابتدائی سالوں کے دوران سرمایہ کاری/انویسٹمنٹ کا مطلب ہے کہ نئے جوڑوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ مضبوط اور صحت مند تعلق کی تعمیر کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور توجہ دیں، اس کے علاوہ ایک دوسرے کی ضروریات کو سمجھنا اور اس دوران زندگی میں آنے والے چیلنجز سے ایک ساتھ نمٹنا بھی شامل ہے۔روبینہ اشرف نے طارق مرزا نامی شخص سے شادی کی تھی جس سے ان کے دو بچے ہیں ایک بیٹا اور ایک بیٹی (اداکارہ مینا طارق) ہیں، اداکارہ نے بتایا تھا کہ ان کی اور طارق کی شادی کو 35 سال ہو چکے ہیں اور اب زائدالعمر ہوجانے کی وجہ سے وہ اور ان کے شوہر زیادہ وقت گھر پر ہی رہتے ہیں۔
