پاکستانی جرمن ماڈل صوفیا خان دوبارہ دُلہن کیوں بنیں؟

پاکستان کے تمام معروف برانڈز کے ساتھ کام کرنے اور انٹرنیشنل برانڈز کی تشہیری مہمات میں خود کو منوانے والی پاکستانی نژاد جرمن ماڈل صوفیا خان نے اپنی شادی کے تین سال بعد اس کو قانونی حیثیت دینے کیلئے ترک شوہر کے ساتھ کورٹ میرج کر لی ہے۔ جرمن ماڈل صوفیا خان نے ابتدائی طور پر جنوری 2019 میں ترکش نژاد کاروباری شخص ’’تولگا ریکن‘‘ سے شادی کی تھی، جس کے تین سال بعد اب دوبارہ شوہر سے کورٹ میرج کرلی ہے، دونوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہونے اور کسی تیسرے ملک میں رہنے کی وجہ سے شادی کو قانونی بنانے کے لیے کورٹ میرج کی گئی ہے۔

صوفیا خان اور ان کے شوہر تولگا ریکن نے سماجی رابطے کی مقبول ویب سائٹ انسٹا گرام پر کورٹ میں شادی کی رجسٹریشن کے بعد عدالت کے باہر بنائی گئی ڈانس کی ویڈیو اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے شادی کی تصدیق کی۔

دونوں کی شادی کی ویڈیو اور تصاویر پر پاکستانی شوبز شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی،صوفیا خان کی ویڈیو پر اداکارہ مہوش حیات، ماڈل صدف کنول، اریبا حبیب، سنیتا مارشل، مہرین سید اور ژالے سرحدی سمیت دیگر شخصیات نے مبارک باد کے کمنٹس کیے۔

کورٹ میرج سے قبل گزشتہ ماہ فروری کے وسط میں صوفیا خان نے اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش کی تصدیق کی تھی اور بتایا کہ ان کے ہاں حمل ٹھہر گیا، ابتدائی طور پرصوفیا خان نے 11 فروری کو شوہر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے ہاں رواں برس اگست میں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

صوفیا خان نے جنوری 2019 میں تولگا ریکن کے ساتھ جرمنی میں اسلامی روایات کے مطابق شادی کی تھی اور ان کے درمیان تعلقات 2017 سے قبل استوار ہوئے تھے، صوفیاا خان نے پہلی شادی 2009 میں پاکستانی فلم ساز اور ڈراما ہدایت کار قاسم علی مرید کے ساتھ کی تھی، صوفیا خان اور قاسم علی مرید نے 2015 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ دونوں کے درمیان مئی 2009 میں پہلی ملاقات ہوئی اور دونوں نے محض 20 دن میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

صوفیاخان نے شادی سے قبل عالیا خان نامی بچی کو گود لے رکھا تھا جو اس وقت 18 سال کی ہونے والی ہیں اور اب وہ ان کے ساتھ جرمنی میں رہائش پذیر ہیں، صوفیا خان اور قاسم علی مرید کی بھی ایک بیٹی امیلیا مرید خان ہیں جو اس وقت والدہ کے ہمراہ جرمنی میں ہی رہتی ہیں۔

Why Pakistani German model Sofia Khan became bride again?

Back to top button