خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ پاک فوج کی اولین ترجیح ہے : فیلڈ مارشل

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، جبکہ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ پاک فوج کا بنیادی مشن ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے فارمیشن کے زیر اہتمام جاری تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مستقبل کی جنگوں کے تقاضوں کے مطابق تیاریوں، جدید حکمت عملی اپنانے اور جدت پر زور دیا، جبکہ جوانوں کے لیے فراہم کی گئی کھیلوں اور تفریحی سہولتوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے سی ایم ایچ لاہور میں قائم ہائی کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور طبی عملے و انتظامیہ کی پیشہ ورانہ خدمات کی تعریف کی۔
لاہور گیریژن میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم ہیں، جبکہ اعلیٰ معیار، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت افواج کا امتیاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج جدید عسکری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور جوانوں کی جسمانی فٹنس اور بلند مورال کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
