خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے5 افراد جاں بحق، 8 زخمی

خیبرپختونخوا کےمختلف شہروں میں بارشوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 8 سے زائد زخمی ہوگئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کےمطابق صوبے میں بارشوں کے باعث 3 مکانات کو نقصان پہنچا اور مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہوگئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، اس کے علاوہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 3 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی کارروائیاں کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24/7 فعال ہے جب کہ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع دیں۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب محکمہ ریلیف خیبرپختونخوا نے بتایا کہ تیز آندھی اور طوفان سے شانگلہ اور تورغر کے مابین رابطہ پل ٹوٹ گیا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی ہے۔
علاوہ ازیں ملک میں کہیں بارش اور کہیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، آزاد کشمیرکی وادی نیلم،گریس، لیپہ اور قریبی شہروں کے پہاڑوں پربرف باری ہوئی ہے جب کہ نکیال، میرپور اورکئی شہروں میں وقفے وقفے سے ابر کرم برس رہا ہے ۔۔
لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے بیشتر مقامات پر بھی رم جھم جاری ہے جبکہ زیارت سمیت بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں بارش اور برف باری سے موسم سرد ہوگیا ہے۔لورالائی، ہرنائی اور دکی میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی ہے، قلعہ سیف اللہ ، مسلم باغ، کان مہترزئی اور وادی ہنہ میں برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں برفباری اور بارشوں کا بدھ سے شروع ہونے والا نیا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا۔ جس کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ موسلا دھار اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ بالائی سندھ میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
