خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 خوارج ہلاک

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 11 خوارج ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج مارے گئے۔ اسی طرح ضلع کرم میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی کے دوران مزید 5 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا۔ کارروائیوں کے دوران مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ یہ عناصر دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور پولیس کی کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں اور مزید خوارج کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے۔ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشتگردی کی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی اور غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔