دشمن کی کسی بھی جارحیت کامنہ توڑجواب دیاجائےگا

پاکستان ائیر فورس کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاک فضائیہ کی جانب سے 27 فروی کو بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کا ایک سال مکمل ہونے پر ایئرہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی بہترین کارکردگی عشروں کی محنت کی مرہون منت ہے، پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، معاشی مسائل کی وجہ سے ٹیکنالوجی کے حصول میں مشکلات ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کشمیر کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، ہم ہر مشکل گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، مقبوضہ کشمیر میں طویل بھارتی کرفیو کو ختم کیا جائے، بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے پر میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 27 فروری کو پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارت کے 2 لڑاکا طیاروں کو گرا کر ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا اور پاک فضائیہ نے اس کامیابی کو ‘آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ’ کا نام دیا تھا۔
تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ آج ہم آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی ’شاندار فتح‘ کی یاد میں اکٹھے ہوئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ’پاک فضائیہ نے اپنی روایت پر قائم رہتے ہوئے ایک مرتبہ پھر پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری سے اپنی پہچان قائم کی‘۔
بھارتی طیاروں کی تباہی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’فوری اقدامات اور حیران کن ردِ عمل نے حملہ آور کا غرور خاک میں ملادیا‘۔
ایئر چیف کا مزید کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہماری کامیابیاں اللہ کی مہربانی کی بدولت ہیں، دہائیوں کی محنت، پاک فضائیہ کی آپریشنل گنجائش میں ہمارے پیش رو کی انویسمنٹ اور ہمارے اہلکاروں کے بہادرانہ اقدامات نے اس بات میں کوئی شبہ نہیں چھوڑا کہ پی اے ایف بنیادی قومی دفاع کو یقینی بنارہی ہے اور بناتی رہے گی۔ ایئر چیف مارشل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان ایئر فورس ایک پر امن ملک کی سب زیادہ قابل احترام اور ذمہ دار ایئر فورسز میں سے ایک ہے‘۔ اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو ’مختلف چیلنجز‘ کا سامنا ہے، تاہم اس کے باوجود پی اے ایف گزشتہ 2 دہائیوں سے جہاں اپنی پیشہ ورانہ تربیت کو مزید مستحکم بنا کر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی راہ پر گامزن ہے وہیں صلاحیتوں میں اضافہ ہمارا بنیادی مقصد ہے۔
سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ ’آج ہمارے پلیٹ فارمز جدید ہتھیاروں سے مزین ہیں جو ہمارے مقامی ٹیکنالوجی کی حصول کی کامیابی کی وضاحت کرتے ہیں اس کے ساتھ ہم انسانی وسائل کی ترقی اور پاک فضائیہ کے آرکیٹیکچر کو مضبوط بنانے کی طاقت پر خصوصی زور دیتے ہیں‘۔ انہوں نے پاک فضائیہ کو ’سخت جان‘اور اپنے مشن پر توجہ مرکوز‘ رکھنے والے فوج قرار دیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’میرے جوانوں، جہاں میں پاکستانی قوم کو کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی پاک فضائیہ کی تیاریوں کا یقین دلاتا ہوں وہیں (یہ بھی کہتا ہوں کہ) ہم پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘۔ خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یاد رہے کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں ہم کسی سے کم نہیں، دیگر خدمات کے ساتھ پی اے ایف پاکستان کے دفاع کےلیے تیار ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’گزشتہ برس فروری میں سب سے اہم آپ کی پیشہ ورانہ برتری اور دشمن کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت ہے، جس کےلیے ہم نے ایک ٹیم کی طرح کام کیا۔‘
تقریب کے دوران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فضائی جھڑپ سے قبل کے واقعات پر روشنی ڈالی گئی۔
گزشتہ برس 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے شہر پلوامہ میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر حملے میں 44 بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کا الزام بھارت نے ہمیشہ کی طرح پاکستان نے عائد کیا تھا لیکن پاکستان نے اس کی تردید کی تھی۔
دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا اسی دوران 26 فروری 2019 کوبھارتی طیاروں نے آزاد کشمیر کے علاقے بالا کوٹ میں دراندازی کی کوشش کی جسے پاکستانی طیاروں نے ناکام بنا دیا تھا۔
اس کے اگلے ہی روز یعنی 27 فروری کو بھارتی طیاروں نے ایک مرتبہ پھر دراندازی کی کوشش کی جس کے جواب میں پاک فضائیہ نے 2 بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور پاکستانی حدود میں گرنے والے ایک طیارے میں سے بھارتی پائلٹ ابھینندن کو گرفتار کرلیا تھا۔
تاہم گرفتاری کے چند روز بعد ہی پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے واپس بھارت کے حوالے کردیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button