دنیا طالبان حکومت کو تسلیم کرے،امیر طالبان کا مطالبہ

افغان طالبان کے امیرہیبت اللہ اخوندزادہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کابل میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرے۔
عید الفطر کی مناسبت سے اپنے ایک تحریری پیغام میں افغان طالبان کے سپریم لیڈر نے کہا کہ آج کے دور میں دنیا سمٹ کر ایک چھوٹا سا گاؤں بن چکی ہے اور طالبان کی حکومت کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیے جانے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام سے افغان عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے اپنے اس پیغام میں خواتین کے حقوق او لڑکیوں کے لیے ملک بھر کے ہائی اسکولوں کو دوبارہ کھولنے جیسے ان موضوعات کے بارے میں کچھ نہ کہا، جن کا بین الاقوامی برادری کی طرف سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ طالبان رہنما ہیبت اللہ اخوندزادہ گزشتہ کئی برسوں سے منظر عام پر نہیں آئے۔ وہ ایک رہنما کے طور پر عمومی سیاسی چکا چوند سے دور افغان شہر قندھار میں رہتے ہیں، جسے طالبان تحریک کا فکری مرکز سمجھا جاتا ہے۔

Back to top button